اسلام آباد: روات اور نیو گھگڑ گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرجانے سے اسلام آباد اور راولپنڈی بجلی سے محروم ہو گئے۔

نمائندہ ڈان کے مطابق ترجمان پاور ڈویژن نے تصدیق کی کہ گرڈاسٹیشن میں فنی وجوہات کی بنا پر روات 500 کے وی گرڈ اسٹیشن اور نیو گھگڑ ٹرپ کرجانے سے دونوں شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ‘عملہ فنی خرابی کو دور کرنے کے لیے دونوں گریڈز پر کام کررہے تاکہ بجلی بحال کی جاسکے’۔

انہوں نے بتایا کہ بعض علاقوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو مزید 2 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ برداشت کرنا ہوگی۔

پاور ڈویژن نے دعویٰ کیا کہ دونوں شہروں کے علاوہ پورے ملک میں بجلی کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر بحال اور فعال ہے۔

روات اور نیو گھگڑ میں گرڈ اسٹیشن ٹرپ ہونے سے پارلیمنٹ ہاوس ایک بار تاریکی میں ڈوب گیا اور سینیٹ کی پارلیمانی امور کمیٹی کے اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کی بجلی چلی گئی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ پارلیمنٹ ہاوس میں لوڈشیڈنگ کے باعث ملٹی میڈیا بند ہوگیا جس کے بعد سینیٹ کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی روک دی گئی۔

تاہم پارلیمان کے کچھ فلورز کو متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن حکام انتخابات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دے رہے تھے۔

اس سے قبل 16 مئی کو بھی تربیلا، منگلا اور دیگر پاور پلانٹس میں فنی خرابی کے باعث بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن سامنے آیا تھا جس کے باعث پارلیمان ہاؤس کو بھی بجلی کی فراہمی متاثرہوئی تھی۔ ترجمان کے مطابق پاور پلانٹس میں خرابی سے 4 ہزار میگا واٹ بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں