اسلام آباد: کرکٹ اور ہاکی کے بعد اب اسنوکر کے عالمی مقابلوں کی بھی پاکستان میں واپسی ہوئی ہے اور پاکستان آئندہ برس ساتویں ایشین ٹیم ایونٹ اور آٹھویں سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے مطابق رواں ماہ ایران میں 34ویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے دوران اے سی بی ایس کا سالانہ جنرل اجلاس منعقد ہوا جس میں پی بی ایس اے کے صدر منور حسین شیخ نے باضابطہ طور پر ایشین ٹیم ایونٹ اور سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی کے لیے بڈ جمع کرائی تھی۔

اسنوکر ایسوسی ایشن نے بتایا کہ اے سی بی ایس نے پاکستان کی بڈ کو منظور کر لیا ہے اور اے سی بی ایس نے پاکستان کو میگا ایونٹ کی میزبانی کی اجازت دے دی ہے۔

پی بی ایس اے حکام کا کہنا ہے کہ ایونٹ آئندہ سال اپریل میں کراچی میں منعقد ہو گا اور ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے جلد تیاریاں شروع کر دی جائیں گی۔