سندھ کے بیشتر شہروں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جبکہ کراچی کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا ہے۔

کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا اور آج درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی حالیہ لہر مزید 2 روز تک جاری رہے گی اور جمعرات کے بعد اس میں کمی کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے 65 افراد جاں بحق ہوئے، فیصل ایدھی

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 5 سے 7 فیصد رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہر میں گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی۔

خیال رہے کہ اتوار سے شہر قائد میں شدید گرمی جاری ہے اور گزشتہ روز بھی کراچی کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا تھا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید گرمی کے باعث شہر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا جاچکا ہے اور شہریوں کو بلا ضرورت دھوپ میں نہ نکلنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ادھر ایدھی فاؤنڈیشن کے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کراچی میں جاری قیامت خیز گرمی کے باعث گزشتہ 2 روز میں مختلف علاقوں میں 65 افراد ہیٹ اسٹروک کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ کورنگی اور سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے میں 3 روز کے دوران 114 لاشیں لائی گئیں جن میں سے 65 افراد ہیٹ اسٹروک کے باعث جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ہیٹ اسٹروک کا شکار ہونے والوں کا تعلق لانڈھی اور کورنگی سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیٹ اسٹروک کے باعث زیادہ تر اموات گھروں میں ہوئیں، گھروں میں مرنے والے افراد کو بروقت ہسپتال نہیں پہنچایا جاسکا جس کے باعث ان کی موت ہوئیں جبکہ ہیٹ اسٹروک سے مرنے والوں کی عمریں 6 سے 78 سال کے درمیان ہیں۔

تاہم صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے اس بات کی تردید کی گئی اور کہا گیا کہ کراچی کے ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سے کوئی اموات نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پارہ 44 ڈگری، 23 مئی تک گرمی کا زور برقرار رہنے کا امکان

ادھر کراچی میں شدید گرمی کے باعث اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے بھی 3 روز کے لیے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کردیئے تھے۔

دوسری جانب کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سورج آگ برسا رہا ہے اور سندھ کے بالائی اور میدانی علاقوں میں قیامت خیز گرمی پڑرہی ہے۔

گرمی سے متاثرہ علاقوں میں حیدرآباد، جامشورو، جیکب آباد، سکھر، میرپور خاص، نواب شاہ، بدین اور سندھ کے دیگر علاقے شامل ہیں، جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوز کرگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں