بیونس آئرس: ارجنٹائن نے آئندہ ماہ روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے لیے 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے اور مورو اکارڈی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

ارجنٹینا کے کوچ جارج سمپولی نے 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں گھٹنے کی انجری کا شکار سرجیو ایگویرو کو بھی شامل کیا گیا ہے تاہم سب سے حیران کن شمولیت 31سالہ فل بیک کرسٹین اینسالڈی کی ہے جنہوں نے 2014 میں ارجنٹینا کی آخری بار نمائندگی کی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ اکارڈی کو ٹیم سے باہر کرنے کا فیصلہ بھی خلاف توقع رہا جو اٹالین لیگ کے 31میچوں میں 29گولز کے ساتھ مشترکہ طور پر زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی رہے۔

ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں کھیلا جائے گا جس میں عالمی چیمپئن جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ارجنٹائن کی ٹیم گزشتہ ٹورنامنٹ میں رنر اپ رہی تھی اور انہیں اس بار گروپ ڈی میں آئس لینڈ، کروشیا اور نائیجیریا کا چیلنج درپیش ہو گا اور وہ 16 جون کو آئس لینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

اعلان کردہ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

گول کیپر: سرجیو رومیرو، ولی کبالیرو، فرینکو ارمانی۔

دفاعی کھلاڑی: گیبریئل مرکاڈو، فیڈریکو فازیو، نیکولاس اوٹامنڈی، مارکوس روجو، نیکولاس ٹیگلافیکو، زیویئر میسکیرانو، مارکوس آکونا، کرسٹین اینسالڈی۔

مڈفیلڈر: ایور بانگا، لوکاس بگلیا، اینجل ڈی مریا، گیووانی لی سیلسو، مینوئل لانزینی، کرسٹین پاوون، میکسی میلیانو میزا، ایڈورڈو سیلویو۔

فارورڈ: لیونل میسی، گونزالو ہگوین، پاؤلو ڈیبالا اور سرجیو ایگویرو۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں