انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے اپنے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کر لی۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند مقامی لڑکے کسی پہاڑی علاقے (جو غالباً پاکستان کا ہی کوئی علاقہ ہے) میں کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اسی دوران بیٹسمین ایک شاٹ کھیلتا ہے لیکن گیند قریب ہی پڑی کسی چیز سے ٹکرا کر واپس وکٹ پر جا لگتی ہے اور کرکٹ کھیلنے والوں میں یہ بحث شروع ہو جاتی ہے کہ یہ آؤٹ ہے کہ نہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے ویڈیو میں لکھا گیا کہ حمزہ نامی لڑکے نے ہمیں ویڈیو بھیج کر پوچھا ہے کہ یہ آؤٹ ہے کہ نہیں لیکن ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ بدقسمتی سے آئی سی سی کے قانون 32.1 کے تحت آپ آؤٹ ہیں۔

آئی سی سی کے قانون 32.1.1 کے مطابق باؤلر کی جانب سے کرائی گئی گیند اگر نوبال نہیں ہے تو وکٹ پر لگنے کی صورت میں بلے باز آؤٹ قرار دیا جائے گا چاہے وہ گیند وکٹ پر لگنے سے پہلے اس کے بیٹ سے ہی کیوں نہ لگی ہو۔

اس ویڈیو میں لوگوں نے بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے اپنی آرا کا اظہار کیا اور کچھ لوگوں نے آئی سی سی کے قانون سے اختلاف کرتے ہوئے اسے ناٹ آؤٹ تک قرار دیا جبکہ اب تک اس ویڈیو کو 7ہزار سے زائد مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں