ہیری کین ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے کپتان مقرر

انگلینڈ کو میگا ایونٹ میں تیونس، پاناما اور بیلجیئم کا چیلنج درپیش ہو گا۔
انگلینڈ کو میگا ایونٹ میں تیونس، پاناما اور بیلجیئم کا چیلنج درپیش ہو گا۔

لندن: انگلینڈ نے آئندہ ماہ روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے نوجوان اسٹرائیکر ہیری کین کو انگلش ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔

انگلش مینجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ نے نئے قائد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہیری کین بہترین فٹ بالر ہونے کے ساتھ بے پناہ خوبیوں کے مالک بھی ہیں اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کین ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔

ادھر کین نے اپنے بیان میں کہا کہ انگلینڈ کا کپتان مقرر ہونا میرے لیے باعث اعزاز ہے، میں بہت خوش اور پرجوش ہوں، ٹیم مینجر اور انگلینڈ فٹ بال حکام نے مجھ پر اعتماد کیا جس پر ان کا مشکور ہوں اور اب میں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے سرتوڑ کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت کپتان یہ ٹورنامنٹ میرے لیے بہت اہم ہو گا اور میں بے صبری سے اس کا انتظار کر رہا ہوں۔

واضح رہے کہ کین کو اس سے قبل گزشتہ برس اسکاٹ لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں بھی انگلش ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2018 آئندہ ماہ 14 جون سے 15 جولائی تک کھیلا جائے گا جس میں جرمنی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

انگلینڈ کو میگا ایونٹ میں تیونس، پاناما اور بیلجیئم کا چیلنج درپیش ہو گا اور وہ 18 جون کو تیونس کے خلاف ابتدائی میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں