کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں 22 سالہ خاتون اور ان کے نومولود بچے کو مبینہ طور پر ان کی ساس کی جانب سے 8ویں منزل سے دھکا دینے پر گر کر ہلاک ہوگئے۔

فریئر تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر رانا عبدالطیف نے ڈان کو بتایا کہ 3 ماہ کا عبدالہادی گرنے کی وجہ سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تاہم اس کی ماں رمشا جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوئیں۔

کراچی جنوب کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سرفراز نواز شیخ کا کہنا تھا کہ ’بظاہر یہ ماں اور نومولود بچے کا ایک دوہرا قتل کیس لگتا ہے‘۔

مزید پڑھیں: کراچی: سسرالیوں نے خاتون کو مبینہ طور پر جلا کر قتل کردیا

سینیئر افسر کا کہنا تھا کہ ’رمشا اور رضوان احمد کی تقریباً ڈیڑھ سال قبل رضوان کے اہل خانہ کی مرضی کے بغیر شادی ہوئی تھی تاہم رمشا کو ان کے اہلخانہ کی جانب سے قبول نہیں کیا گیا تھا‘۔

ابتدائی طور پر جوڑا دبئی میں رہائش پذیر تھا تاہم 6 ماہ قبل وہ واپس کراچی آیا اور دہلی کالونی میں رضوان احمد کے والدین کے گھر پر قیام پذیر تھا جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: خلع مانگنے پر 'بیوی اور ساس' کا قتل

پولیس کا کہنا تھا کہ جب رمشا اور ان کا نومولود بچہ 8ویں منزل سے نیچے گرے تو چند خواتین ان کے گرد جمع ہوئیں جہاں زخمی رمشا نے انہیں بتایا کہ اس کی ساس نے اسے بر آمدے سے دھکا دے کر نیچے گرایا ہے۔

تھانہ فریئر کے ایس ایچ او رانا عبدالطیف کا کہنا تھا کہ خاتون کے والد محمد خالد کی درخواست پر رمشا کی ساس نسرین بی بی اور ان کے جیٹھ اکرام کو مبینہ طور پر دوہرے قتل کیس میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN May 24, 2018 08:44pm
کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے زیر انتظام ہونے کے باوجو دہلی کالونی اور پنجاب کالونی میں 8 سے 10 منزلہ غیرقانونی عمارتیں موجود ہے ۔