چھٹی کے دن دیر تک سونے کے عادی ہیں؟

24 مئ 2018
یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو

اگر آپ چھٹی کے دن بہت زیادہ دیر تک سونے کے عادی ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس عادت سے زندگی لمبی ہوسکتی ہے۔

یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

امریکی اور سوئیڈش محققین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ عادت 65 سال سے کم عمر افراد کے لیے بہت فائدہ مند ہے، خاص طور پر ان کے لیے جو عام دنوں میں 7 گھنٹے کی نیند پوری نہیں کرپاتے۔

مزید پڑھیں : 6 گھنٹے سے کم نیند کیا اثرات مرتب کرتی ہے؟

اس تحقیق کے دوران 33 ہزار رضاکاروں کے سونے کی عادات کا جائزہ 13 سال تک لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ پورے ہفتے جو لوگ 5 سے 6 گھنٹے سوتے ہیں مگر چھٹی کے دن لمبی نیند لیتے ہیں، وہ کئی جان لیوا امراض سے بچتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ چھٹی کے دن سمیت پورے ہفتے 5 گھنٹے سے کم یا 9 گھنٹے سے زیادہ سونا کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ بہت زیادہ بڑھا دیتا ہے۔

کیرولینسکا انسٹیٹوٹ سے تعلق رکھنے والے محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے ان شواہد کو تقویت ملتی ہے جن میں نیند کے دورانیے اور موت کے خطرے کے درمیان تعلق بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دوپہر کو نیند کا بہترین وقت کونسا ہوتا ہے؟

تاہم ماضی میں طبی رپورٹس میں ویک ڈیز کی نیند پر توجہ مرکوز کی گئی جبکہ اس نئی تحقیق میں چھٹی یا ویک اینڈ کی نیند کا تجزیہ کیا گیا۔

اس سے نتیجہ نکالا گیا کہ چھٹی کے دن لمبی نیند مختلف امراض سے قبل از وقت موت سے بچاتی ہے۔

تاہم یہ فائدہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو نہیں ہوتا۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل آف سلیپ ریسرچ میں شائع ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں