لارڈز ٹیسٹ میں اسمارٹ واچ پہننے پر پاکستانی کرکٹرز کو تنبیہ

بابر اعظم اور اسد شفیق کو اسمارٹ واچز پہننے پر تنبیہ کی گئی— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم اور اسد شفیق کو اسمارٹ واچز پہننے پر تنبیہ کی گئی— فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اسمارٹ واچ پہننے پر پاکستانی کھلاڑیوں کو تنبیہ کرتے ہوئے دوبارہ اسمارٹ گھڑیاں نہ پہننے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

لارڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب قومی ٹیم کی فیلڈنگ کے دوران بابر اعظم اور اسد شفیق اسمارٹ واچز پہننے ہوئے نظر آئے۔

قومی ٹیم کے آفیشل کے مطابق انگلینڈ کو 184 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد جیسے ہی قومی ٹیم پویلین واپس لوٹی تو پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیشلز نے کھلاڑیوں کو اسمارٹ واچز نہ پہننے کی ہدایات دیں۔

لندن میں موجود پی سی بی میڈیا مینجر کے مطابق اسد شفیق اور بابر اعظم نے لاعلمی میں اسمارٹ واچ پہنیں تھیں اور معاملہ سامنے آنے پر دونوں کھلاڑیوں کو ایسی گھڑیاں نہ پہننے کی ہدایت کردی گئی۔

پہلی اننگز میں 4 وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر حسن علی نے کہا کہ آئی سی سی کے اینٹی کرہشن یونٹ کے آفیشل ہمیں آ کر کہا کہ اسمارٹ واچز پہننے کی اجازت نہیں لہٰذا اب ہم انہیں نہیں پہنیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے خلاف کسی بھی قسم کے غلط اقدام کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں۔

کرکٹ میں میچ کے دوران گھڑیاں پہننے پر کوئی پابندی نہیں لیکن اسمارٹ واچز مواصلاتی ڈیوائسز کے ضمرے میں آتی ہیں جن کا استعمال آئی سی سی کے تحت ممنوع ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت میچ کے دوران گراؤنڈ میں موبائل فون کے استعمال یا کسی بھی قسم کی الیکٹرانک ڈیوائس کے پہننے پر پابندی ہے جو انٹرنیٹ سے منسلک ہو یا اس کے ذریعے رابطہ ممکن ہوسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں