ٹی وی کے سامنے وقت گزارنا دل کے لیے تباہ کن

25 مئ 2018
یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

اگر آپ صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو ٹیلیویژن کے سامنے زیادہ وقت گزارنے کی عادت کو کنٹرول کرلیں۔

یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

گلاسگو یونیورسٹی کی تحقیق میں ٹیلیویژن کے سامنے وقت گزارنے اور خون کی شریانوں سے جڑے امراض جیسے ہارٹ اٹیک، بلڈپریشر یا فالج وغیرہ کے درمیان مضبوط تعلق کو دریافت کیا گیا۔

مزید پڑھیں : زیادہ وقت ٹی وی دیکھنا احمق بنانے کے لیے کافی

یہ اثرات ان افراد میں زیادہ نمایاں ہوتے ہیں جو جسمانی طور پر زیادہ فٹ نہیں ہوتے، کمزور مسلز یا جسمانی سرگرمیوں سے دوری اختیار کیے ہوئے ہوتے ہیں۔

اس سے قبل بھی یہ بات سامنے آچکی ہے کہ ٹی وی کے سامنے زیادہ وقت گزارنا کینسر، ذیابیطس، موٹاپے اور دل کو کمزور کرنے کا باعث بنتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اپنا فارغ وقت ٹی وی دیکھتے یا کمپیوٹر اسکرین کے سامنے گزارنا سست طرز زندگی کی علامت ہے، جو کہ دل کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران 40 لاکھ کے قریب افراد کے طرز زندگی کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی وی کو زیادہ دیر تک دیکھنا ہوسکتا ہے جان لیوا

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ سست طرز زندگی کے اثرات ہر ایک پر یکساں انداز سے مرتب نہیں ہوتے بلکہ اسکرین کے سامنے وقت گزارنا صحت کے لیے زیادہ نقصان دہ ہے۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ بہت زیادہ وقت ٹیلیویژن یا اسکرین کے سامنے گزارنا کسی بھی مرض سے جلد موت کا خطرہ بہت زیادہ بڑاھ دیتا ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں امراض قلب اور کینسر جیسے جان لیوا امراض لاحق ہونے کا امکان بڑھتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے بی ایم سی میڈیسین میں شائع ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں