وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے چیلنجز کے باوجود کام کرکے دکھایا اور آج ملک میں مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبے نظر آتے ہیں۔

شجاع آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے حکومت کے دور میں بجلی کی پیداوار پر کام ہوا اور 10 ہزار 400 میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوئی، کیونکہ ہماری حکومت نے 5 سال میں جو کام کیے ہیں وہ 65 سالہ دور میں نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا، جس پر کسی نے کام نہیں کیا، 10 برس پرویز مشرف اور 5 برس آصف زرداری نے کوئی بجلی کا منصوبہ نہیں لگایا، کیا اس سے پہلے حکومتوں کے پاس وسائل نہیں تھے؟

مزید پڑھیں: عدالت کے بہت سارے فیصلے تاریخ بھی قبول نہیں کرتی، شاہد خاقان عباسی

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 5 سال میں حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی بہت کوششیں کی گئی، ہمارے خلاف دھرنے دیے گئے، ہمیں عدالتوں میں گھسیٹا گیا، پاناما کا کیس ہوا، حکومت ختم کردی گئی مگر ہم نے ترقی کا سفر جاری رکھا اور آج پورے پاکستان میں اسکیمیں چل رہی ہیں اور وقت سے پہلے کام مکمل ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک حکومت منصوبے کے بارے میں سوچتی تھی، دوسرا ٹینڈر کرتی تھی، تیسرا کام شروع کرتی تھی جبکہ 5 ویں اور چھٹی حکومت میں کام مکمل ہوتا تھا، 1973 میں لواری کا منصوبہ شروع ہوا جسے گزشتہ برس نواز شریف نے 28 ارب روپے لگا کر مکمل کیا، 45 برس کے بعد ایک منصوبہ مکمل ہوا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں شجاع آباد میں کوئی کام نہیں ہوا، سابق صدر نے 2، 4 منصوبے شروع کیے لیکن ایک بھی مکمل نہیں کرسکے جبکہ آصف زرداری نے تو اپنے دور میں کوئی منصوبہ شروع ہی نہیں کیا تو مکمل کرنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے علاوہ صوبائی حکومت کے بھی کام پر نظر ڈالیں تو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سڑکوں کا جال بچھایا، اسکول، یونیورسٹیاں، ہسپتال تعمیر کیے، عوام کسی بھی شہر میں چلے جائیں، انہیں پنجاب کے شہر الگ نظر آئیں گے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب کو سب سے کم فنڈز ملتا ہے لیکن اس کے باوجود یہاں سب سے زیادہ کام ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے وزیراعظم نواز شریف ہی ہیں، شاہد خاقان عباسی

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر جماعت کو اس دور میں حکومت ملی، کسی نے سندھ میں تو کسی نے خیبرپختونخوا میں حکومت کی لیکن بین الاقوامی ادارے موازنہ کرتے ہیں کہ ترقی صرف پنجاب میں ہوئی ہے۔

تقریب سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مسائل کو حل کرنا ایک منتخب نمائندے کا کام ہوتا ہے، 2013 میں عوام نے فیصلہ کیا، اس کے ثمرات عوام تک پہنچے، آج فیصلہ مشکل نہیں ہے، ایک طرف وہ سیاست ہے جس کے پلیٹ فارم سے سوائے گالی، الزامات، کسی کی پگڑی اچھالنے کے علاوہ کوئی خیر کی توقع نہیں ہے جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کا پلیٹ فارم ہے جو خدمت کی سیاست، شرافت اور ملکی ترقی کا پلیٹ فارم ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں کام کرکے دکھایا اور اگر عوام چاہتے ہیں کہ ترقی کا سفر جاری رہے تو پھر یہ فیصلہ مشکل نہیں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں