لندن: پاکستان نے اپنے سے مضبوط حریف ٹیم انگلینڈ کو شاندار باؤلنگ اور بیٹنگ پرفارمنس کی بدولت پہلے ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ کی ٹیم اپنے اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کر پائی اور محمد عامر اور محمد عباس نے انگلینڈ ٹیم کی باری کا 242 رنز پر خاتمہ کردیا جس کے ساتھ ہی پاکستان کو 64 رنز کا ہدف ملا۔

پاکستانی بیٹسمین امام الحق 18 اور حارث سہیل 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاہینوں نے 64 رنز کا ہدف 9 وکٹوں پر صرف 13 اوورز میں حاصل کر لیا۔

میچ میں 8 وکٹیں حاصل کرنے پر لارڈز کے گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ کھیلنے والے فاسٹ باؤلر محمد عباس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ یہ لارڈز کے گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بطور مہمان ٹیم پانچویں فتح ہے۔

پوسٹ میچ پریزنٹیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جس طرح میری ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا مجھے اس پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’جب ہم انگلینڈ آئے تھے اس وقت ہماری ٹیم بہت زیادہ نا تجربہ کار سمجھی جارہی تھی، لیکن ہم (جیت کیلئے) بہت زیادہ پُر امید تھے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہمارا باؤلنگ اٹیک بہت اچھا ہے، اور جس طرح انہوں نے باؤلنگ کا مظاہرہ کیا وہ انتہائی بہترین تھا۔

آئرلینڈ کے خلاف میچ میں فتح کے حوالے سے بھی سرفراز احمد نے بات کی اور کہا کہ ملاہائیڈے ٹیسٹ بہت مشکل تھا، اور جس طرح ہم نے اس میں فتح حاصل کی وہ ہمارے لیے بہت اچھا تھا۔

انگلیںڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ ان کی ٹیم کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا اور ناکام رہی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم نے غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی وکٹیں گنوائیں اور یہی وجہ ہار کا سبب بنی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں