کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث ایک مرتبہ پھر گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور آج (پیر) کو کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ کراچی میں آئندہ چند روز ہیٹ ویو رہے گی جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: کراچی: سمندری ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی

محکمہ موسمیات کے حکام نے ڈان کو بتایا کہ کراچی میں ہیٹ ویو کو نیا سلسلہ منگل 29 مئی سے شروع ہوگا اور یہ جمعرات 31 مئی تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو کے دوران شمال اور شمال مغرب (بلوچستان) سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز شہر میں موسم نسبتاً بہتر رہا اور اتوار کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، تاہم کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے 65 افراد جاں بحق ہوئے، فیصل ایدھی

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے میں بھی پیر سے بدھ تک کراچی کا موسم شدید گرم رہا تھا اور شہر میں ہیٹ ویو چلنے کے باعث پارہ 44 ڈگری تک جاپہنچا تھا۔

اس کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن نے دعویٰ کیا تھا کہ ان 3 روز میں شہر قائد میں ہیٹ اسٹروک سے 65 افراد کی اموات ہوئی تھی تاہم صوبائی حکومت نے اس کی تردید کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں