راولپنڈی میں محکمہ انسداد کرپشن سرکل (اے سی سی) نے مبینہ طور پر زمینوں پر قبضے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں سے ایک پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کا ’فرنٹ مین‘ مانا جاتا ہے۔

انعام اکبر المعروف سائیں انعام کو اسلام آباد کے علاقے روات کے قریب کروڑوں روپے مالیت کی 732 کنال اراضی جعلی طریقے سے اپنے نام ٹرانسفر کرانے پر گرفتار کیا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام نے مقدمہ درج کرتے ہوئے انعام کے ساتھ شریک ملزم فضل ارشد اور ریونیو عہدیدار الیاس کو بھی گرفتار کر لیا، جس نے مبینہ طور پر زمین انعام کے نام ٹرانسفر کی۔

اے سی سی کے اعلیٰ عہدیداران کا کہنا ہے کہ مقدمے میں تحصیل دار سہیل مقبول اور گرداور قاضی ساجد میں نامزد کیا گیا ہے، جنہیں اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

ملزمان کو گرفتاری کے بعد سول لائنز پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا جنہیں جمعہ کے روز مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا، جہاں اے سی سی ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

زمین سکیم میں دو ملزمان گرفتار

قومی احتساب بیورو (نیب) کے کراچی چیپٹر نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد لینڈ سکیم کیس میں ملزم ابوبکر داؤد اور عبدالعزیز داؤد کو گرفتار کرلیا۔

دونوں ملزمان پر کورنگی کے علاقے میں 70 ایکڑ صنعتی زمین غیر قانونی طور پر کمرشل و رہائشی زمین میں تبدیل کرنے کا الزام ہے۔

زمین کی نوعیت کی تبدیلی کی منظوری 2011 میں سندھ کے محکمہ یوٹیلائزیشن کے سابق سیکریٹری غلام مصطفیٰ پُھل نے دی تھی جنہیں مقدمے میں نازمد کیا گیا ہے۔

ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کردی تھی، تاہم وہ عدالت کے احاطے سے فرار ہوگئے۔

ابوبکر اور عبدالعزیز کو جمعہ کے روز احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں نیب حکام ان کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں