اگر تو آپ ریموٹ ورکر ہیں (ایسا ملازم جو کسی روایتی دفتر سے باہر کام کرتا ہو) تو آپ کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ امریکی ریاست ورمونٹ میں منتقل ہونے پر آپ مستقل قیام کے حقوق کے ساتھ 10 ہزار ڈالرز (10 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

جی ہاں اس ریاست میں جاکر گھر میں بیٹھ کر کام کریں اور 10 ہزار ڈالرز حاصل کریں۔

اس ریاست کے گورنر نے ایک بل پر دستخط کرکے اسے قانون بنادیا ہے، جس کے تحت ایسے لوگوں کو 10 ہزار ڈالرز ادا کیے جائیں گے جو ورمونٹ منتقل ہوکر گھر میں رہ کر کسی آﺅٹ آف اسٹیٹ کمپنی کے لیے کام کریں۔

ریموٹ ورکر گرانٹ پروگرام کا اطلاق یکم جنوری 2019 سے ہوگا، جس کے تحت وہاں منتقل ہونے والے افراد کے رہائشی اور کام کے اخراجات کم کرنے میں مدد کی جائے گی۔

اس پروگرام کے تحت ملنے والی امداد کمپیوٹر سافٹ وئیر اور ہارڈ وئیر، براڈ بینڈ انٹرنیٹ، گھر کی منتقلی اور دفتری مقام تک رسائی کے لیے استعمال کی جاسکے گی۔

پہلے 30 سال تک اس پروگرام کے تحت 100 افراد کی مدد کی جائے گی جنھیں 2 برسوں کے دوران 10 ہزار ڈالرز ملیں گے۔

اس پروگرام کی وجہ اس ریاست کو درپیش ایک بڑے مسئلے پر قابو پانا ہے۔

اس ریاست کی آبادی 6 لاکھ سے زائد ہے جن میں زیادہ تر تیزی سے بڑھاپے کی جانب سفر کررہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹیکس کی ادائیگی بہت زیادہ کم ہوگئی ہے اور اقتصادی بحران پیدا ہوچکا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ یہ ریاست نئے شہریوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مختلف پروگرامز متعارف کرارہی ہے۔

اس نئے ورکر پروگرام سے ہٹ کر بھی ایک پروگرام متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اپریل سے اکتوبر کے دوران وہاں سیاحت کے لیے آنے والے افراد کو مخصوص ویک اینڈ کے دوران وہاں مستقل رہائش، کاروباری اداروں وغیرہ سے نیٹ ورک کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

یہ امریکی ریاست قدرتی مناظر سے مالامال ہے اور جرائم کی شرح انتہائی کم ہے اور اسے ملازمت پیشہ ماﺅں کے لیے بھی بہترین قرار دیا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں