تھر کے علاقے چھاچھرو کے قریبی گاوں میں آتشزدگی کے باعث 60 جھونپڑیاں راکھ بن گئیں۔

آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے سے تاحال واضح نہیں ہوسکا تاہم اچانک بھڑک اٹھنے والی آگ نے چند لمحوں میں پورے گاوں کو لپیٹ میں لیا جبکہ رہائشیوں نے بمشکل اپنی جان بچائی اور اپنی مویشیوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن اطلاعات کے مطابق بھاری نقصان ہوا۔

چھاچھرو ٹاون کمیٹی کے صدر قمر دین رحیمو نے دعویٰ کیا کہ شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی اور پورا گاوں لپیٹ میں آگیا۔

—فوٹو:حنیف سموں
—فوٹو:حنیف سموں

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ وہ شدید گرمی کے موسم میں گھروں سے باہر رہنے پر مجبور ہیں کیونکہ ان کے گھر جل کر راکھ بن چکے ہیں۔

متاثرہ افراد نے کہا کہ اس آتشزدگی کے باعث اناج اور دیگر قیمتی اشیا سمیت ان کا بھاری نقصان ہوا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق اس آتشزدگی کے دوران کم ازکم 30 بکریاں بھی ہلاک ہوئیں۔

انھوں نے حکام پر فوری طور پر مدد کے لیے نہ پہنچنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آگ بھڑکتے ہی انتظامیہ کو اطلاع دی گئی تھی لیکن انھوں نے فائر فائٹرز کی کوئی ٹیم جائے وقوع پر نہیں بھیجی۔

متاثرین نے ان کے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ بھی کیا۔

یاد رہے کہ اسلام کوٹ سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاوں ویکریو میں گزشتہ برس بھی اسی طرح کی آتشزدگی سے 500 کے قریب گھر تباہ ہوگئے تھے اور 200 سے زائد جانور بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں