'میسی ہمارا دل نہ توڑیں'، فلسطینی بچوں کی درخواست

اپ ڈیٹ 06 جون 2018
ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان دوستانہ میچ 9جون کو کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی
ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان دوستانہ میچ 9جون کو کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی

غزہ: فٹبال ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ پر فلسطینی بچوں نے احتجاج کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی سے یہ میچ نہ کھیلنے کی درخواست کی ہے۔

عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان 9 جون کو ایک دوستانہ میچ کھیلا جائے گا جس پر فلسطینیوں نے صدا احتجاج بلند کرتے ہوئے میسی سے میچ نہ کھیلنے کی درخواست کی ہے۔

یہ میچ مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع ٹیڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو 70 برس قبل عرب اسرائیل جنگ میں تباہ ہو گیا تھا اور 1948 میں ہونے والے اس جنگ کے بعد اسرائیلی افواج نے فلسطینی عوام کو بے گھر کرتے ہوئے دربدر کر دیا تھا۔

دونوں ملکوں کے درمیان جاری تایخی تنازع اور حال ہی میں فلسطینی عوام پر کی گئی اسرائیلی فوج کے بربریت کے بعد 70 فلسطینی بچوں پر مشتمل گروپ نے ارجنٹائن کے فٹ بالر لیونل میسی کو خط لکھ کر درخوااست کی ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت نہ کریں۔ یہ خط اتوار کو اسرائیل میں ارجنٹائن کے سفارتخانے کے حوالے کیا گیا جس میں فلسطینی بچوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان خاندانوں کے بچے ہیں جن سے چھینی گئی زمینوں پر اب ٹیڈی اسٹیڈیم دوبارہ قائم کیا گیا ہے۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ آپ ہمارے تباہ شدہ گاؤں پر تعمیر شدہ اسٹیڈیم میں اپنے دوستوں کے ساتھ میچ کھیلنا چاہتے ہیں جس پر ہماری خوشی اس وقت آنسوؤں میں بدل گئی اور ہمارے دل ٹوٹ گئے کہ ہمارا ہیرو میسی ہمارے آباؤ اجداد کی قبروں پر تعمیر ہونے والے اسٹیڈیم میں کھیلنے جا رہا ہے۔

فلسطینی بچوں نے کہا کہ 9 جون کو جب اسرائیل اور ارجنٹائن دوستانہ میچ کھیلیں گے تو یہ ہمارے لیے ایک اداس دن ہو گا اور خط کے اختتام کچھ یوں کیا کہ 'آئیے، ہم خدا سے دعا کریں کہ میسی ہمارے دلوں کو نہ توڑیں۔

دوسری جانب فلسطین کی فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل رجب نے بھی میسی سے میچ نہ کھیلنے کی درخواست کرنے کے ساتھ ساتھ شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگر میسی یہ میچ کھیلیں تو فلسطینی شائقین ان کی شرٹ جلا دیں۔

انہوں نے رملہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ارجنٹینا کی حکومت کو خط لکھ کر اس میں درخواست کی ہے کہ وہ میسی کو 9 جون کو ہونے والے میچ میں شرکت نہ کرنے دیں۔

رجب نے کہا کہ میسی امن اور محبت کی علامت ہیں اور اسرائیل اس میچ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عرب دنیا اور مسلم ملکوں میں میسی کے کروڑوں چاہنے والے ہیں اور میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر میسی میچ میں شرکت کریں تو وہ ان کے نام کی حامل شرٹ جلا دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں