صلاح انجری کے باوجود مصر کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل

ای میل

قاہرہ: مصر نے رواں ماہ شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے لیے حتمی 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا اور اسٹار فٹبالر محمد صلاح انجری مسائل کے باوجود ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

صلاح یوئیفا چیمپئنز لیگ فائنل کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

انجری کے سبب صلاح کی ورلڈ کپ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا اور ابھی بھی ان کی شرکت غیریقینی ہے لیکن اس کے باوجود مصر نے اپنے سب سے اہم کھلاڑی کو عالمی کپ کا حصہ بنایا ہے۔

14 جون سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں مصر کو گروپ اے میں میزبان روس، یوراگوئے اور سعودی عرب کا چیلنج درپیش ہو گا۔ مصر کی ٹیم 15 جون کو یوروگوئے کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

اعلان کردہ اسکواڈ ایشام الحیدری، محمد ال شیناوے، محمود حمدی، محمد عبدالشافع، احمد ہیغازی، علی غابر، احمد المحمدی، عمر غابر، طارق حامد، شیکابلا، عبداللہ سید، ثام مورسی، محمد النینی، محمود، رمضان سوبھی، محمود حسن، عامر وردا، مارون محسن اور محمد صلاح پر مشتمل ہے۔