Dawnnews Television Logo

کورویٹ : 343کلوواٹ کی طاقت ور شاندار اسپورٹس کار

اس کی خوبصورتی پلٹ کر دوبارہ دیکھنے پر مجبور کردے گی،یہ انجن کے لحاظ سے اسٹنگرے اور کشادگی پر زی او6 ورژن کاایک ملاپ ہے۔
اپ ڈیٹ 05 جون 2018 04:49pm

گاڑیوں کے ماہر رائن ہولڈ ڈائزن ہوفر کہتے ہیں کہ مجھے گاڑیوں اور بالخصوص اسپورٹس کارز کی بیرونی بناوٹ اور اس کا انداز بہت بھاتا ہے۔

اپنی پسندیدہ گاڑیوں کے حوالے سے وہ بتاتے ہیں کہ کورویٹ بھی ان گاڑیوں کی فہرست میں شامل ہے، جس کی وجہ اس کا ناک جیسا انتہائی ہموار اگلا حصہ اور اندر بیٹھنے کی بہت ہی چھوٹی جگہ اور آخر میں بڑا سا پچھلا حصہ ہے۔

آواز: وقار محمد خان

واضح رہے کہ 343 کلوواٹ کی طاقت کورویٹ کو شاندار اسپورٹس گاڑیوں کی فہرست میں شامل کرتی ہے۔

رائن ہولڈ ڈائزن ہوفر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ 290 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار رکھنے والی گرینڈ اسپورٹس کار سے پورشے، فراری یا لیمبورگینی کو خائف ہونا چاہیے، گاڑی کھڑی ہو تب بھی کافی پرکشش نظر آتی ہے۔

وہ مزید کہتے ہیں کہ کورویٹ گرنڈ اسپورٹس کی خوبصوری لوگوں کو اسے پلٹ کر دوبارہ دیکھنے پر مجبور کردے گی، یہ گاڑی انجن کے لحاظ سی اسٹنگرے اور کشادہ انداز کے لحاظ سے شاندار کارکردگی والی زی او 6 ورژن کا ایک ملاپ ہے۔

واضح رہے کہ یورپ میں عمومی طور پر کورویٹ زیادہ نظر نہیں آتی، لیکن کورویٹ کا یہ ماڈل بہت ہی نرالا ہے۔

رائن ہولڈ ڈائزن ہوفر کے مطابق اندورونی حصے کا جائزہ لیں، تو کاربن فائبر کا نفیس کام دیکھنے کو ملے گا، پھر ناپا لیدر بھی سیٹوں پر چڑھا نظر آئے گا، جبکہ کامپیٹیشن اسپورٹس سیٹوں کے ساتھ سرخ رنگ کے سیفٹی بیلٹس جڑے ہیں، اور ڈیش بورڈ کے بیچ میں ایک مناسب سائز کا ڈسپلے نصب کیا گیا ہے۔

گاڑی چلانے والے افراد کے حوالے سے وہ بتاتے ہیں کہ جو ڈرائیورز کورویٹ میں کبھی نہیں بیٹھے، وہ شاید اس گاڑی کا ڈور ہینڈل ڈھونڈنے لگ جائیں، مگر اس گاڑی میں ڈور ہینڈلز کے بجائے کچھ اس طرح کی جگہ بنی ہوتی ہے، کہ بس ان میں ہاتھ ڈالیے، سینسر دبایئے اور گاڑی میں بیٹھ جائیں، اور پھر جہاں جانا ہو وہاں جایے۔

وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ کورویٹ کے اندر کچھ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اس گاڑی کو بالکل آپ کے مزاج کے مطابق ہی بنایا گیا ہے۔

دیگر خصوصیات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 8 انچ کے ڈیجیٹل کوکپٹ میں سیٹنگز کی ایک وسیع رینج ہے، مثلاً اس میں وی8 اور وی4 کی علامات شامل ہیں، جس کے ذریعے آپ کو بتایا جاتا ہے کہ آیا آپ 8 سلنڈرز کے ساتھ گاڑی چلا رہے ہیں یا پھر 4 سلینڈرز کے ساتھ، یہ سب سلنڈر ڈی ایکٹی ویشن کی بدولت ممکن ہوپاتا ہے۔

رائن ہولڈ ڈائزن ہوفر نے کہا کہ 7 مینوئل گیئرز کے ساتھ ریئر وہیل ڈرائیو سُپر اسپورٹس کار صرف 4.2 سیکنڈز میں ہی 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل لیتی ہے۔

خیال رہے کہ کورویٹ گرانڈ اسپورٹس کار 290 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک دوڑ سکتی ہے،اسی حوالے سے انہوں نے کہ یہ رفتار ڈرائیور کو پہیوں پر کافی زیادہ لطف اور ریسنگ کار کا مزہ دینے کے لیے کافی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس اسپورٹس کار کی ڈرائیونگ دیگر اسپورٹس گاڑیوں سے اعلیٰ ہے، جس کی وجہ زبردست 6.2 لیٹر کا 8 سلنڈرز انجن، بہترین اسٹیرنگ، زبردست بریک اور شاندار سسپینشن ہے، اس لیے ضروری نہیں کہ ہمیشہ اچھل کود والی رائیڈ پر جایا جائے بلکہ ترو تازہ ہوا کے ساتھ پرسکون سفر سے بھی لطف اندوز ہو جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس گاڑی میں ایکو سے لے کر ریس تک 4 ڈرائیونگ موڈز کے آپشن ہیں۔

کار ٹیسٹر مزید کہتے ہیں کہ گاڑی کو بھلے ہی محتاط ہو کر چلایا جائے، پھر بھی یہ طاقتور گاڑی گیس خارج کرنے میں تھوڑی بھی کوتاہی نہیں کرے گی، ویسے بھی یہاں اس بات کو زیادہ مقصد بھی نہیں بنایا گیا۔

اسپرنگس اور اسٹیبلائزر بارز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ نہایت طاقتور کورویٹ زی او 6 سے لیے گئے ہیں، لمیٹڈ سلپ ڈفرینشیل اور بریمبو بریکس کے ساتھ شاندار گرِپ اور ڈائریکشنل اسٹیبلیٹی بھی اس کی خصوصیات ہیں، جبکہ کبھی ڈرائیورز کو پچھتانے کا موقع نہ دینے والا انجن کورویٹ گرینڈ اسپورٹس کو ڈرائیورز کے لیے ایک بہترین گاڑی بناتا ہے۔

فراری کے انداز کا ڈیش بورڈ لیے اور 4 ایگزہاسٹ پائپس کی دل کو لبھانے والی آوازوں کے ساتھ کورویٹ گرینڈ اسپورٹس پہلی بار 1963ء میں سڑک پر اتری تھی، یہ نام ریسنگ کار کی خصوصیات رکھنے والی گاڑی کی علامت بھی بنا۔

یورپ میں آج گولی نما یہ گاڑی ایک لاکھ یوروز میں خریدی جاسکتی ہے۔


یہ تحریر ڈوئچے ویلے (ڈی ڈبلیو) کے اشتراک سے تحریر کی گئی۔

ترجمہ: ایاز احمد لغاری —ایڈیٹر : وقار محمد خان