آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں طوفان اور آندھی چلنے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق 100 سے زائد گھر اور دکان مکمل طور پر یا جزوی طور پر تباہ ہوگئے۔

مقامی تاجر محمد صفیر مظفر آباد کی گلشن کالونی میں اپنے زیرتعمیر مکان میں کام کی نگرانی میں مصروف تھے کہ تیز آندھی چلنے سے بلاک ان کے سر پر لگا اور وہ موقع ہی دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فاروق احمد طاہر کا کہنا تھا کہ ضلع سودھنوتی کے قصبے بلوچ میں گھر کی دیواریں گرنے سے ملیکا افراز نامی 4 سالہ بچی جاں بحق اور ان کا دو سالہ بھائی ادیب زخمی ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچ ٹاون میں درجنوں گھر اور دوتعلیمی اداروں کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی جانی نقصان کے حوالے سے مزید کوئی رپورٹ نہیں آئی۔

ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سعید قریشی کا کہنا تھا کہ ضلع باغ کی سب ڈویژن دیر کوٹ کے گاوں غازی آباد اور کیات میں طوفانی آندھی کے نتیجے میں 22 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 26 دیگر گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ آندھی نے 22 کے قریب گھروں کی چھتیں اڑا دیں جس کے باعث عوام میں خوف وہراس پھیل گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سعید قریشی نے کہا کہ غازی آباد اور کیات میں 18 دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قریبی تحصیل ہری گیہال میں بھی 8 دکان اور 3 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ‘متاثرین کی عارضی بحالی کے لیے اس وقت ہم نے خیمے اور دیگر ضروری سامان پہنچا دیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ آندھی اور طوفان سے پہنچنے والے نقصان کے بعد بارش کا امکان ہے جس کے باعث عوام مزید تشویش کا شکار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں