کراچی کے علاقے کورنگی میں سیاسی جماعت ایم کیو ایم حقیقی کے مبینہ دہشت گرد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے حوالدار محمد الیاس کی نماز جنازہ سیکٹر ہیڈ کوارٹر بھٹائی رینجرز میں ادا کر دی گئی۔

واضح رہے کہ 6 جون 2018 کو کورنگی کے علاقے الیاس گوٹھ میں ٹارگٹ کلر شفیق کالا اور اس کے ساتھیوں سے فائر نگ کے تبادلے میں شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے۔

ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نماز جنازہ میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا ، سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز،ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید،آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی مشتاق مہر، رینجرز اورپولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر شہید کے بلند درجات کے لیے دُعا کی گئی اورشہید حوالدار محمد الیاس کی میت تدفین کے لیے آبائی علاقے خوشاب روانہ کر دی گئی ہے ۔

بعد ازاں ڈی جی رینجرز (سندھ) نے سی ایم ایچ ملیر کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے6 جون2018 کو کورنگی آپریشن میں زخمی ہونے والے رینجرز اہلکاروں کی عیادت کی۔

اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے زخمی اہلکاروں کے حوصلے کو سرا ہا۔

واضح رہے کہ رینجرز نے کورنگی کے زمان ٹاون میں دہشت گردوں کے خلاف چھاپہ مارا اور اسی دوران مبینہ دہشت گردوں نے فائر کھول دیا جس پر رینجرز نے جوابی فائرنگ کی۔

مبینہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران رینجرز کے 3 اہلکاروں کو گولیاں لگیں جنھیں ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

شہید اہلکار کی شناخت حوالدار الیاس کے نام سے ہوئے جبکہ زخمی سپاہی ابراھیم اور امیر کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

رینجرز ترجمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم حقیقی سے منسلک مشتبہ دہشت گرد شفیق عرف کالا کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تھا۔

فائرنگ سے گنجان آباد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں