امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کو ٹیلی فون کیا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے نگراں حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اہداف کے تعاقب کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

نگراں وزیر اعظم نے مائیک پینس کو بتایا کہ نگراں حکومت، عام انتخابات کے بروقت، صاف و شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام ممکنہ معاونت فراہم کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک سے ملاقات کی تھی اور انہیں نگراں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی تھی۔

آرمی چیف اور نگراں وزیر اعظم کے درمیان ملاقات میں پاک فوج سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں