جلال آباد: افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے رکن اسمبلی فریدون خان مہمند کے گھر پر خود کش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

طلوع نیوز کے مطابق مقامی پولیس چیف غلام ثنائی استنکزئی نے بتایا کہ حملہ آور رکن اسمبلی کے گھر کو نشانہ بنانا چاہتا تھا جسے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کابل: افغان علماء کے اجتماع پر خودکش حملہ، 7 جاں بحق

اس ضمن میں صوبائی گورنر کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت فریدون خان گھر پر موجود نہیں تھے، تاہم وہاں کچھ طلبہ قیام پذیر تھے۔

ادھر خاما نیوز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ حملہ آور نے ایک شہری زبیر کے گھر میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی تھی جس پر شہری کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔

جس کے نتیجے میں حملہ آور نے شہری اور اس کی 14 سالہ ہمشیرہ کو قتل کردیا اس واقعے میں ایک بچہ زخمی بھی ہوا۔

مزید پڑھیں: افغان حکومت کی طالبان کو جنگ بندی معاہدے کی پیشکش

اس حوالے سے صوبائی حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملہ آور نے اس کے بعد رکن صوبائی اسمبلی کے گیسٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور اس سے قبل کہ وہ خود کش حملہ کر پاتا پولیس نے اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، مذکورہ واقعے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو خالی کرالیا اور اس واقعے سے تعلق کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں