تیز رفتاری کے باعث سابق وزیراعظم کا 750 روپے کا چالان

اپ ڈیٹ 11 جون 2018
موٹروے پولیس اہلکار سابق وزیر اعظم کے ساتھ تصاویر بنوا رہے ہیں — فوٹو: عارف ملک
موٹروے پولیس اہلکار سابق وزیر اعظم کے ساتھ تصاویر بنوا رہے ہیں — فوٹو: عارف ملک

لاہور: موٹروے پولیس نے حد رفتار سے زیادہ تیز گاڑی چلانے پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گاڑی کا چالان کردیا۔

پولیس نے تیز رفتاری کے باعث سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر 7 سو 50 روپے جرمانہ عائد کیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد سے لاہور آرہے تھے اور ان کی گاڑی ڈرائیور چلا رہا تھا۔

علاوہ ازیں موٹروے پولیس اہلکاروں نے سابق وزیر اعظم کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

مزید پڑھیں: لاہور ۔ اسلام آباد موٹروے پر ایاز صادق کا چالان

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور اراکین اسمبلیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث چالان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عمومی طور پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ملک کا اعلیٰ طبقہ جرمانے یا چالان کی زد میں نہیں آتا البتہ بعض اوقات پولیس کی جانب سے بہادری کا مظاہرہ کرکے اعلیٰ طبقے کے افراد کے چالان کر دیئے جاتے ہیں۔

3 ستمبر 2017 کو اسلام آباد موٹروے پر اس وقت کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی گاڑی کا چالان کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کا چالان

موٹروے پر گاڑی چلانے کی رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر ہے، لیکن اسپیکر قومی اسمبلی کی گاڑی 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی، موٹروے پولیس نے ایاز صادق کا ایک ہزار 250 روپے کا چالان کیا تھا۔

اس سے قبل 30 دسمبر 2016 کو پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان تھمادیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں