کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ علاالدین مری کی 11 رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھالیا۔

گورنر ہاؤس بلوچستان میں تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا، جہاں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ علاالدین مری سمیت صوبے کی دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ علاالدین مری نے حلف اٹھا لیا

ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ میں آغا عمر بنگزئی، ڈاکٹرنصر اللہ خان خلجی، ملک عنایت اللہ کاسی ایڈووکیٹ، حافظ خلیل الرحمٰن، فرزانہ علی بلوچ، عبدالسلام خان، منظور حسین، فیض اللہ کاکڑ، خرم شہزاد، نوید کلمتی اور امام بخش شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 7 جون کو الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے علاالدین مری کو بلوچستان کا نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کیا تھا، بعد ازاں 8 جون کو نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علاالدین مری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

علاالدین مری کون ہیں؟

بلوچستان کے نگراں علاالدین مری 28 فروری 1979 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم تعمیر نو پبلک سکول میں حاصل کی،اس کے بعد ایف ایس سی بھی تعمیر نو کالج سے جبکہ گریجویشن بلوچستان یونیورسٹی سے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: علاالدین مری بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ مقرر

میر علاالدین مری سابق بیوروکریٹ غلام محی الدین مری کے صاحبزادے ہیں، علاالدین مری بنیادی طور پر تاجر ہیں اور تجارت میں وسیع تجربہ رکھنے کے باعث 2012 تا 2014 تک چیئرمین پاکستان یورپین بزنس کونسل ایف پی سی سی آئی کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

علاالدین مری کی کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی نہیں رہی اور وہ بلوچستان میں حالیہ سینٹ انتخابات میں بھی آزاد حیثیت سے کھڑے ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں