چینی صوبے شانڈونگ کے شہر چنگڈاؤ میں پہلے 5 روزہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) فلم فیسٹیول کا آغاز ہوگیا، جس میں رکن ممالک کی فلمز کی خصوصی اسکریننگ کی جائے گی۔

خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم یوریشیائی ممالک پر مبنی سیاسی، اقتصادی اور عسکری تعاون تنظیم ہے، جس کا ہیڈ کوارٹر چین کے دارالحکومت بیجنگ میں واقع ہے۔

اس تنظیم کا آغاز 17 سال قبل 2001 میں ہوا، ابتدائی طور پر اس تنظیم میں چین کے علاوہ وسطی ایشیائی ممالک قازقستان، تاجکستان اور کیرغزستان سمیت روس جیسے ملک شامل ہوئے۔

بعد ازاں 2015 میں پاکستان اور بھارت نے بھی اس تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔

حال ہی میں اس تعاون تنظیم کا 18 واں سربراہی اجلاس چین میں منعقد ہوا، جس میں پاکستانی صدر ممنون حسین، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت دیگر ممالک کے سربراہوں نے شرکت کی۔

پہلی بار اس تنظیم کے توسط سے شنگھائی تعاون تنظیم فلم فیسٹیول کا آغاز بھی کیا گیا، جس میں رکن ممالک کی 55 فلموں کی خصوصی نمائش کی جائے گی۔

چینی اخبار ’چائنا ڈیلی‘ کے مطابق 5 روزہ پہلے شنگھائی تعاون تنظیم فلم فیسٹیول میں روسی اور چین فلمز کے ساتھ ساتھ 5 پاکستانی فلموں کی نمائش بھی کی جائے گی۔

فلم فیسٹیول میں ’جوانی پھر نہیں آنی، پنجاب نہیں جاؤں گی، پرچی، بن روئے اور چلے تھے ساتھ ساتھ‘ کی خصوصی اسکریننگ کی جائے گی۔

فلم فیسٹیول میں پاکستان کی جانب سے ہم ٹی وی نیٹ ورک کی چیئرمین سلطانہ صدیقی کی سربراہی میں وفد نے شرکت کی۔

پاکستانی وفد میں چین میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خالد، ڈائریکٹر پبلسٹی خارجہ امبرین جان سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔

معروف اداکار جیکی چن کو شنگھائی تعاون تنظیم فلم فیسٹیول کا سفیر مقرر کیا گیا ہے، جب کہ اداکار ہان سنیپنگ کو فلم فیسٹیول کی جیوری کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

فلم فیسٹیول کے دوران فلم ایڈمنسٹریشن آف چائنا کے سربراہ نے بتایا کے چین دنیا میں فلم انڈسٹری کی سب سے بڑی صنعت ہے، کیوں کہ یہاں 55 ہزار سینما گھر موجود ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چین میں ہرسال 700 سے زائد فلمیں بنائی جاتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں