کیا آپ زمینی مناظر دیکھ دیکھ کر بیزار ہوچکے ہیں؟ اگر ہاں تو اب وقت آگیا ہے کہ خلائی سیاحت کا مزہ لیا جائے۔

جی ہاں اب مہم جو سیاح انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر 10 دن کی سیر کرسکیں گے۔

ایکسیوم اسپیس نامی کمپنی نے 2020 سے آئی ایس ایس میں 7 سے 10 روز کے قیام کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس خلائی سفر پر جانے کے خواہشمند افراد کو فی کس ساڑھے 5 کروڑ ڈالرز (ساڑھے 6 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کا خرچہ کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : چلتے ہیں تو خلا میں چلیے

یہ کمپنی اپنے رہائشی کیبن 2022 تک آئی ایس ایس سے منسلک کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

2001 میں ایک روسی راکٹ کے ذریعے پہلی بار ایک شخص کو خلاءکی سیر کرائی گئی تھی، جس کے بعد سے عام لوگوں کے لیے خلائی سفر کے حوالے سے اکثر منصوبے سامنے آتے ہیں۔

فوٹو بشکریہ ایکسیوم اسپیس
فوٹو بشکریہ ایکسیوم اسپیس

متعدد کمپنیوں کی جانب سے کروڑوں ڈالرز کے عوض زمین کے نچلے مدار میں سیاحتی پیکج کی پیشکش کی جارہی ہے جبکہ ایک کمپنی 2022 تک ایک پرتعیش خلائی ہوٹل کھولنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں : دنیا کا پہلا خلائی ہوٹل

ایکسیوم نے ابھی تک اپنے منصوبے کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا مگر امکان یہی ہے کہ وہ مسافروں کو وہاں تک پہنچانے کے لیے اسپیس ایکس اور بوئنگ وغیرہ سے مدد لے گی۔

اس پرواز سے قبل خلاءمیں جانے کے خواہشمند شخص کو 15 ہفتے کے تربیتی مراحل سے بھی گزرنا ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی ایس ایس 2024 تک ریٹائر کردیا جائے گا، تو اس کے دیکھتے ہوئے ایکسیوم اپنے رہائشی حصے کو اسٹیشن سے الگ کرکے اپنا اسٹیشن قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں