کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا، لہٰذا عیدالفطر 16 جون بروز ہفتہ منائی جائے گی۔

شوال 1439 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت کراچی میں ہوا۔

اس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس تمام صوبائی دارالحکومت اور وزارت مذہبی امور اسلام آباد کے دفتر میں ہوئے۔

مفتی منیب الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے شوال کے چاند کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں، لہٰذا پاکستان میں عیدالفطر بروز ہفتہ یعنی 16 جون کو ہو گی۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات سمیت چاند کے حوالے سے مشاہدہ کرنے والے دیگر اداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ جمعرات کے روز پاکستان میں چاند کی رویت ممکن نہیں اور ان کے مطابق عیدالفطر بروز ہفتہ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا

دوسری جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا، جہاں عید 15 جون بروز جمعہ کو ہوگی۔

عرب ممالک کے علاوہ انڈونیشیا، ملائیشیا، قطر، ترکی میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا ہے۔

بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا وہاں بھی عید 16 جون 2018 کو منائی جائے گی۔

مسجد قاسم علی خان کا جمعہ کو عید کا اعلان

رواں سال ایک بار پھر چاند کا تنازع سامنے آیا اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی سربراہی میں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری کمیٹی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔

چاند نظر آنے کے غیر سرکاری اعلان کے بعد خیبر پختونخوا اور حال ہیں میں اس میں ضم ہونے والے فاٹا کے شہری ایک بار پھر دو عیدیں منائیں گے۔

مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری کمیٹی ہر سال اجلاس منعقد کرکے اپنے طور پر صوبے بھر سے چاند کی شہادتیں موصول کرتی ہے۔

اس سال بھی کمیٹی نے خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی 45 شہادتیں موصول ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے جمعہ کو عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا۔

اعلان کے وقت شہریوں کی بڑی تعداد مسجد میں جمع تھی۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں 10 خواتین سمیت چاند نظر آنے کی 45 شہادتیں موصول ہوئیں۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں