کراچی: ملک میں ایک جانب عیدالفطر کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں تو وہیں عید کے حوالے سے ہونے والی خریداری کے حوالے سے مخلوط تصویر پیش کیا جارہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عید کی خریداری کے حوالے سے کچھ تاجروں کا کہنا تھا کہ اس سال خریداری میں اضافہ ہوا تو وہیں کچھ دکاندار سمجھتے ہیں کہ اس معاملے میں صارفین کی تعداد مایوس کن رہی۔

اس حوالے سے انجمن تاجران فیصل آباد کے جنرل سیکریٹری چوہدری محمود عالم کا کہنا تھا کہ ’عید کی خریداری کم ہوئی ہے اور یہ گزشتہ برس سے بڑھی نہیں‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جون کے ابتدائی 10 روز گزرنے کے باوجود ٹیکسائل ملز میں کام کرنے والوں کو تنخواہیں ملنے میں تاخیر کا سامنا ہے جبکہ کچھ ملازمین کو صرف آدھی تنخواہیں دی گئی ہیں، جس کے باعث یہ ملازمین مارکیٹ میں تبدیلی لانے میں ناکام رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا اس بار بھی کراچی میں عید کی ریکارڈ خریداری ہوئی ہے؟

ان کا کہنا تھا نچلے اور متوسط طبقے کے افراد فیصل آباد میں انار کلی بازار، ستیار روڈ کی گلی نمبر 9 کے بازار، جھنگ بازار، انار کلی سمن آباد، ریگل روڈ اور دیگر مقامات سے زیادہ خریداری کرتے ہیں جبکہ ملز مالکان کے اہل خانہ عید کی خریداری دبئی، لاہور اور بیرون ملک سے ہوتی ہے۔

دوسری جانب انجمن تاجران پاکستان کے جنرل سیکریٹری رزاق بابر نے پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، ملتان، گجرانوالہ، بہاولپور اور دیگر میں عید کی خریداری کے بارے میں بتایا کہ بچوں کے کپڑے، جوتے، موبائل فونز اور الیکٹرونکس کی اشیاء کی خریداری میں گزشتہ برس کے مقابلے 15 فیصد اضافہ دیکھا گیا، تاہم مردوں اور خواتین کے کپڑوں کی ہول سیل خریداری میں 25 سے 30 فیصد کمی آئی۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین اور مردوں کے کپڑوں کی سلائی کی قیمتوں میں اضافے نے گزشتہ کچھ سالوں میں خریداروں کو تیار شدہ کپڑوں کی جانب مائل کیا۔

ادھر انجمن تاجران خیبرپختونخوا کی مرکزی تنظیم کے صدر اور سابق صدر ایوان صنعت و تجارت سرحد شرافت علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں عید کی خریداری میں 40 سے 45 فیصد کمی دیکھی گئی کیونکہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے باعث لوگوں کو آزادانہ گھومنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے دیگر شہروں مردان، صوابی ودیگر میں گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتر سیکیورٹی صورتحال کے باعث خریداری میں 15 سے 20 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔

عید کی خریداری کے حوالے سے انجمن تاجران بلوچستان کے جنرل سیکریٹری سید عبدالقیوم آغا کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث گزشتہ برس کے مقابلے میں بلوچستان کے مختلف شہروں میں خریداری 20 فیصد بڑھ گئی۔

انجمن تاجران جنوبی پنجاب اور آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے عید کی خریداری کے بارے میں بتایا کہ پنجاب میں اس میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی۔

عید کی خریداری کے بارے میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی بات کی جائے تو آل کراچی تاجر کے جنرل سیکریٹری اور چیئرمین ٹریڈرز ایسوسی ایشن میریٹ روڈ محمد احمد شمسی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث کپڑوں، جوتوں، بینگلز، جیولری اور خواتین کے کپڑوں کی خریداری میں 20 سے 25 فیصد اضافہ ہوا۔

کراچی کے حوالے سے ہی چیئرمین الائنس آف آرام باغ مارکیٹ ایسوسی ایشن آصف گلفام کا کہنا تھا کہ بچوں سے متعلق اشیاء کی خریداری میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ مردوں اور خواتین کی اشیاء کی خریداری توقعات سے کم رہی۔

آن لائن فروخت کنندگان سے صارفین ناخوش

دوسری جانب عید کے حوالے سے آن لائن خریداری کی بات کی جائے تو یہ بظاہر شہریوں کی ہی اس میں دلچسپی دیکھی گئی۔

اس حوالے سے ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بلیک/وائٹ/بلیسڈ/بگ فرائڈے سیلز سے بڑے ڈسکاؤنٹس حاصل کرنے والے خریداروں کی جانب سے دی گئی آراء کے مطابق عید کے موقع پر آن لائنس خریداری میں کمی کی بڑی وجہ کم ڈسکاؤنٹس یا اچھی ڈیلز نہ ہونا اور سیل پر دستیاب اشیاء کا پرانا ہونا ہے۔

جہاں ایک جانب کراچی کے تاجر عید کی خریداری ہدف 60 ارب روپے تک پہنچنے کی توقع کر رہے ہیں تو وہی اس دوران آن لائن خریداری کے حوالے سے کوئی اعداد و شمار موجود نہیں۔

گزشتہ برس بگ فرائڈے کی سیل میں سب سے زیادہ 3 ارب روپے کی سیل کرنے والی ’دراز ڈاٹ پی کے‘ بھی عید شاپنگ سے متعلق اعداد شمار دینے سے قاصر نظر آئی۔

یہ بھی پڑھیں: مرد حضرات کی عید کُرتے تک محدود کیوں؟

عید کی خریداری کے حوالے سے دراز ڈاٹ پی کے کی مارکیٹنگ کمیونکیشن کی سربراہ سمن جاوید نے ڈان کو بتایا کہ عید الفطر سے پہلے یقیناً خریداری میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ کئی سالوں سے ہماری عید سیل ہمیشہ کامیاب رہی ہے اور ہماری بہتر کٹیگری اس وقت فیشن اور بیوٹی ہے‘۔

سمن جاوید کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہماری فون کٹیگری بھی کافی اچھی رہی ہے اور اس سے آمدنی میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ ہوم اینڈ لونگ کی کٹیگری میں بھی خریداری عید سے قبل 2 گناہ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

آن لائن خریداری کے حوالے سے ٹی سی ایس کے اسٹوڈیو کے ڈائریکٹر سحر احمد نے ڈان کو بتایا کہ عید کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے، تاہم ہم بنیادی طور پر بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی تاریکین وطن کو سہولیات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں