شنگھائی تعاون تنظیم فلم فیسٹیول میں پنجاب نہیں جاؤں گی کیلئے ایوارڈ

پنجاب نہیں جاؤں گی 2017 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ
پنجاب نہیں جاؤں گی 2017 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

چین کے صوبے شانڈونگ کے شہر چنگڈاؤ میں منعقد کیے گئے پہلے ’شنگھائی تعاون تنظیم فلم فیسٹیول‘ میں پاکستانی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے ایوارڈ جیت لیا۔

خیال رہے کہ پہلے شنگھائی تعاون تنظیم فلم فیسٹیول کا آغاز 13 جون کو ہوا، جو 17 جون تک جاری رہا۔

فلم فیسٹیول میں ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے علاوہ دیگر 4 پاکستانی فلموں ’ پرچی، بن روئے اور چلے تھے ساتھ ساتھ‘ کی خصوصی اسکریننگ کی گئی۔

فلم فیسٹیول میں پاکستان کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 12 رکن ممالک کی فلموں کی بھی خصوصی اسکریننگ کی گئی۔

فلم فیسٹیول میں چین، روس، بھارت، کرغیزستان، پاکستان اور تاجکستان سمیت دیگر ممالک کی 55 فلموں کی نمائش کی گئی۔

اداکارہ نے فیسٹیول کی دیگر تصاویر بھی شیئر کیں—فوٹو: مہوش حیات انسٹاگرام
اداکارہ نے فیسٹیول کی دیگر تصاویر بھی شیئر کیں—فوٹو: مہوش حیات انسٹاگرام

فلم فیسٹیول میں پاکستان کی جانب سے ہم ٹی وی نیٹ ورک کی چیئرمین سلطانہ صدیقی کی سربراہی میں وفد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم فلم فیسٹیول میں 5 پاکستانی فلموں کی نمائش

پاکستانی وفد میں چین میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خالد، ڈائریکٹر پبلسٹی خارجہ امبرین جان سمیت دیگر افراد شامل تھے، جب کہ فیسٹیول میں ایوارڈ وصول کرنے کے لیے ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی ٹیم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کو ایوارڈ ملنے کی خبر فلم کے مرکزی اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ مہوش حیات نے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

مہوش حیات نے اپنے انسٹاگرام پر ہمایوں سعید کے ساتھ حاصل کیے گئے ایوارڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو چین سے عید کی مبارک باد دینے کے ساتھ ساتھ اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی فلم خصوصی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب گئی۔

اداکارہ نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم فلم فیسٹیول کی خصوصی جیوری نے ان کی فلم کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: 'پنجاب نہیں جاؤں گی'

مہوش حیات نے فلم فیسٹیول کی تعریف کرنے سمیت اسے پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے اچھا موقع بھی قرار دیا۔

دوسری جانب ہمایوں سعید نے بھی انسٹاگرام پر مہوش حیات سمیت فیسٹیول میں شریک دیگر ممالک کے افراد کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو مبارک باد دی۔

ہمایوں سعید نے ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کو ایوارڈ ملنے کو پاکستان کی کامیاب قرار دیا۔

واضح رہے کہ ہمایوں سعید، مہوش حیات اور عروہ حسین کی رومانٹک کامیڈی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی۔

فلم نے نہ صرف ریکارڈ کمائی کی تھی، بلکہ فلم کو تنقید نگاروں کی جانب سے اچھے تبصرے بھی ملے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں