بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور ان کے کرکٹر شوہر ویرات کوہلی ہمیشہ ہی سوشل میڈیا پر متحرک نظر آتے ہیں لیکن ویرات کوہلی کی حالیہ ویڈیو نے نئی بحث کا آغاز کردیا۔

حال ہی میں انوشکا شرما کے شوہر ویرات کوہلی نے ٹوئٹر پر اپنی بیوی کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ایک لگژری کار میں سوار نوجوان کو ڈانٹ رہی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انوشکا شرما اپنی کار میں بیٹھی ہیں اور ایک نوجوان کو روڈ پر کچرا پھینکنے پر راہ چلتے ہوئے ڈانٹ رہی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انوشکا شرما اپنی کار کے شیشے کو نیچے کرکے لگژری کار میں سوار لڑکے کو کہتی ہیں کہ ’آپ نے سڑک پر کچرا کیوں پھینکا، آپ اس طرح سڑک پر کچرا نہیں پھینک سکتے، آئندہ احتیاط کیجئے گا’۔

مختصر ویڈیو کو ویرات کوہلی نے اپنے ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کی تعریف کی۔

ویرات کوہلی نے ساتھ ہی سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’لگژری کار میں سفر کرنے والے افراد جن کے ذہن میں کچرا بھرا ہوا ہے، کیا ایسے لوگ ہمارے ملک کو صاف کریں گے؟

ساتھ ہی ویرات کوہلی نے لوگوں کو تجویز دی کہ اگر وہ کسی کو سڑک پر کچرا پھینکتے دیکھیں تو انہیں انوشکا شرما کی طرح سمجھائیں۔

بعد ازاں ارہان سنگھ نامی شخص نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے اس طرز عمل کو سستی شہرت کا طریقہ قرار دیا۔

ارہان سنگھ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ‘ان کی جانب سے پیغام پر مبنی ویڈیو پوسٹ کرنا، شہرت حاصل کرنا نہیں ہے‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی کار سے غلطی سے پلاسٹک کی بوتل گری تھی۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ‘ان کی کار سے غلطی سے گرنے والا کچرا انوشکا شرما کی زبان سے نکلنے والے کچرے سے کم تھا’۔

نوجوان نے دعویٰ کیا کہ ‘انہوں نے اداکارہ سے اپنی غلطی پر معافی بھی مانگی تھی تاہم دونوں نے سستی شہرت کے لیے ریکارڈنگ کی اور ویڈیو شیئر کی۔

ویرات کوہلی کی جانب شیئر کی جانے والی ویڈیو پر جہاں کئی لوگوں نے ان کے عمل کی مخالفت کی، وہیں کچھ لوگوں نے ان کی تعریف بھی کی۔

بھارت کے وزیرداخلہ کرن رجو نے ٹوئیٹ کیا کہ بھارت کو انوشکا شرما اور ویرات کوہلی جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سماجی اخلاق، سماجی احساس اور اخلاقی رویہ دولت اور تعلیم سے نہیں آتی۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں حکومتی مہم ’بھارت کو صاف‘ کرو کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو اس مہم میں حصہ لینے کی دعوت دی۔

بھارت کے ایک اور وزیر روی شنکر پرساد نے بھی انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے اس عمل کی تعریف کی۔

ویرات کوہلی کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد دیگر افراد نے بھی اس پر ٹوئیٹس کیں۔

لون کراسڈر نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ بھارت کو صاف کرنے کی ذمہ داری صرف مودی سرکار کی نہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے ٹوئیٹ میں کہا کہ اگر کوئی کسی کو سڑک پر کچرا پھینکتے ہوئے دیکھے تو انوشکا شرما کی طرح آگاہی پھیلائے۔

بھاویا ڈھنگڑا نامی صارف نے انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے اس عمل پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘انہیں ابھی ابھی پتہ چلا ہے کہ انوشکا شرما حکومت کی بھارت کو صاف کرو مہم کا حصہ ہیں’۔

بھاویا ڈھنگڑا نے اداکارہ کو اپنے علاقے کی خستہ حالت کے بارے میں بتایا اور کہا کہ وہ ان کے حق میں بات کیوں نہیں کرتیں؟

سنجوکتا باسو نامی صارف نے ویڈیو کو سستی شہرت حاصل کرنے کا عمل قرار دیا۔

سنجوکتا باسو نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ آخر ویرات کوہلی کو مودی سرکار کی اس مہم کا حصہ بننے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ شاید ویرات کوہلی کرکٹ کیریئر کے بعد لوک سبھا کی سیٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں؟۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کیا وہ اس عمل سے نریندر مودی کو متاثر کرنا چاہتے ہیں یا پھر وہ اس عمل کے بھی پیسے لے چکے ہیں؟

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں