ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کے 18رکنی اسکواڈ کا اعلان

اپ ڈیٹ 19 جون 2018
چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز پاکستان نے کیا تھا اور یہ تاریخ کی آخری چیمپیئنز ٹرافی ہو گی— فوٹو: اے ایف پی
چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز پاکستان نے کیا تھا اور یہ تاریخ کی آخری چیمپیئنز ٹرافی ہو گی— فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی: ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے تین مرتبہ کی چیمپیئن پاکستانی ٹیم نے 18 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، رضوان سینئر کو ٹیم کا کپتان برقراررکھا گیا ہے۔

رواں ماہ 23 جون سے شروع ہونے والے ایونٹ کی تیاریوں کے لیے ابتدائی طور پر 22 کھلاڑیوں کو ہالینڈ بھیجا گیا تھا جہاں پاکستان تربیتی کیمپ لگانے کے ساتھ ساتھ ٹیم نے پریکٹس میچز بھی کھیلے۔

ہالینڈ میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ اور 5 پریکٹس میچز میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور پرفارمنس کا جائزہ لینے کے بعد 18 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ابتدائی اسکواڈ میں شامل گول کیپر مظہر عباس، رضوان جونیئر، رانا سہیل اور دلبر کو ڈراپ کرکے وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کے اعلان کردہ اسکواڈ میں رضوان سنیئر (کپتان)، عمران بٹ، امجد علی، عرفان سینئر، مبشر علی، علیم بلال، احمد شکیل بٹ، توثیق ارشد، راشد محمود، تصور عباس، ابو بکر، محمد عرفان جونیئر، ارسلان قادر، عمر بھٹہ، شفقت رسول، علی شان، اظفر یعقوب اور اعجاز احمد شامل ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی کی تاریخ کا آخری ایونٹ 23جون سے یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 23 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 24 جون کو آسٹریلیا ، تیسرا میچ 26جون کو ہالینڈ ، چوتھا میچ 28 جون کو ارجنٹائن اور پانچواں میچ 29جون کو بیلجیئم کے خلاف کھیلے گی۔

یہ چیمپیئنز ٹرافی کی تاریخ کا 37واں اور آخری ایونٹ ہو گا جس کی بنیاد 1978 میں پاکستان نے رکھی تھی اور اسے ابتدائی ایڈیشن کے ساتھ ساتھ 1980 اور 1994 میں بھی ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں