انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ٹی20 میچ ٹائی ہونے کے باوجود سپر اوور کے ذریعے مقابلے کا فیصلہ نہ کرنے پر آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیموں سے معافی مانگ لی۔

نیدرلینڈز میں جاری سہ ملکی سیریز میں اسکاٹ لینڈ نے آئرلینڈ کو 186 رنز کا ہدف دیا لیکن آئرلینڈ کی ٹیم آخری گیند پر درکار 3 رنز کے بجائے صرف دو رنز ہی بنا سکی اور یوں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ٹائی ہو گیا۔

تاہم اسٹیڈیم میں اس وقت حیران کن مناظر دیکھنے کو ملے جب سپر اوور کے بجائے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں ہاتھ ملا کر پویلین لوٹ گئے اور میچ میں ٹائی قرار دے کر ختم کردیا گیا۔

آئی سی سی نے مذکورہ واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی20 کرکٹ کے قواعد کے تحت میچ کا فیصلہ ہونا چاہیے تھا۔

آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ میچ آفیشلز قوانین کو سمجھ نہیں سکے جس کی وجہ سے انہوں نے ٹائی میچ میں سپر اوور نہیں کرایا، یہ ایک بڑی ناکامی ہے جس کے لیے آئی سی سی اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ سے معذرت خواہ ہے۔ ہم نے آفیشلز کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا اور کوشش کریں گے کہ مستقبل میں اس طرح کا واقعہ پیش نہ آئے۔

دوسری جانب اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ دونوں ہی ٹیموں کے نمائندوں نے کہا کہ ہمیں سہ ملکی ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی بتا دیا گیا تھا کہ میچ ٹائی ہونے کی صورت میں سپر اوور کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں