لاطینی امریکا: مردہ تصور کیے گئے نوجوان کی اپنے ہی جنازے میں شرکت

اپ ڈیٹ 20 جون 2018
یوآن رامون کا جنازہ آخری رسومات کے لیے گھر سے لے جایا جارہا ہے — فوٹو بشکریہ میٹرو
یوآن رامون کا جنازہ آخری رسومات کے لیے گھر سے لے جایا جارہا ہے — فوٹو بشکریہ میٹرو

کیا آپ نے کبھی سنا ہے کہ کسی مردے نے اپنے ہی جنازے میں شرکت کی ہو، لاطینی امریکا کے ملک پیرا گوئے کے ایک گاؤں میں اس وقت صورت حال انتہائی دلچسپ ہوگئی جب ایک نوجوان اپنے ہی جنازے میں شریک ہوا۔

20 سالہ یوآن رامون آلفونزو نامی نوجوان کے اہل خانہ اسے دیکھ کر حیران رہ گئے کیونکہ وہ اس کی آخری رسومات کی تیاریوں میں مصروف تھے۔

مزید پڑھیں: ترکی میں زندہ شخص 'مردہ' قرار

بی بی سی نے مذکورہ واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مذکورہ خاندان برازیل کی سرحد کے قریب رہائش پذیر ہے جہاں منشیات کے کاروبار سے وابستہ گروہوں کا اثر ورسوخ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کچھ روز قبل یوآن رامون کسی سفر کے لیے نکلے تھے اور کچھ دن تک جب وہ واپس گھر نہیں لوٹے تو ان کے اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید وہ کسی حادثے کا شکار ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کینیا: 'مردہ' پھر سے جی اٹھا

اسی دوران پولیس کو قریبی علاقے سے جلی ہوئی لاش ملی جس کے بعد خاندان کے خدشات یقین میں تبدیل ہوگئے۔

مردہ تصور کیا جانے والا 20 سالہ یوآن رامون — فوٹو بشکریہ میٹرو
مردہ تصور کیا جانے والا 20 سالہ یوآن رامون — فوٹو بشکریہ میٹرو

یوآن رامون اس روز اچانک سے گھر لوٹے جس روز ان کے اہل خانہ ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کی تیاریاں کررہے تھے۔

اس موقع پر جنازے میں شریک تمام احباب حیران رہ گئے جبکہ یوآن کی آمد کے بعد لاش کو شناخت کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: جب پکی ہوئی مچھلی 'زندہ' ہوگئی

میٹرو نامی ویب سائٹ کے مطابق تاہم یوآن رامون نے اپنے اہل خانہ کو یہ نہیں بتایا کہ وہ ایک ہفتے تک کہا رہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے جلی ہوئی لاش کے حوالے سے دعویٰ نہ کیا تو اسے نامعلوم قرار دے دیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں