لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے تمام دعوے غلط ثابت ہوئے اور وہ 5 ملز کی شیئر ہولڈر نکلیں۔

مریم نواز کی جانب سے الیکشن 2018 کے لیے جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ چوہدری شوگر ملز، حدیبیہ پیپر ملز، حدیبیہ انجئیرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ، حمزہ اسپننگ ملز اور محمد بخش ٹیکسٹائل ملز سمیت پانچ ملز میں شیئر ہولڈر ہیں۔

علاوہ ازیں مریم نواز شریف پاکستان میں ایک ہزار 5 سو 6 کنال ایک مرلہ زرعی زمین کی مالکن بھی ہیں۔

کاغذاتِ نامزدگی میں دی جانے والی معلومات کے مطابق مریم نواز کو 4 کروڑ 92 لاکھ 77 ہزار روپے کے تحائف ملے اور اس کے علاوہ ان کے پاس ساڑھے 17 لاکھ روپے کے زیورات بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: این اے 127 کیلئے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع

مریم نواز نے اپنے اہلِ خانہ کی زیر تعمیر فلور مل میں 34 لاکھ 62 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور انہوں نے سوفٹ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کو 70 لاکھ روپے بطور قرض بھی دے رکھے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق مریم نواز اپنے بھائی حسن نواز کی 2 کروڑ 89 لاکھ روپے کی مقروض بھی ہیں۔

مریم نواز نے گزشتہ 3 برسوں میں 64 لاکھ روپے سے زائد کے غیر ملکی دورے بھی کیے، اور اسی دوران ان کی زرعی اراضی میں 548 کنال کا اضافہ بھی ہوا۔

یاد رہے کہ مریم نواز نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 125 اور 127 لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مریم نواز 2018 کے عام انتخابات میں حصہ لیں گی‘

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی نئی حلقہ بندیوں سے قبل این اے 125، این اے 120 تھا جو مسلم لیگ (ن) کا گڑھ سمجھا جاتا تھا۔

اس حلقے سے نواز شریف 2013 کے الیکشن میں کامیاب ہوئے تھے، تاہم ان کی نااہلی کے بعد بیگم کلثوم نواز اس حلقے سے کامیاب ہوئیں۔

44 سالہ مریم نواز شریف 28 اکتوبر 1973 میں لاہور میں پیدا ہوئیں، ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے 1999 میں فوجی آمر کی جانب سے ان کے والد کی حکومت ختم کیے جانے کے وقت سے سیاست میں دلچسپی لینا شروع کی۔

تاہم انہوں نے اپنے متعدد انٹرویوز میں یہ دعویٰ کیا کہ ان کی دلچسپی عالمی سیاست اور طاقت میں ہے جو اسمبلیوں کی حدود سے بہت آگے کی بات ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Ahmad Jun 20, 2018 05:05pm
"Meri tu London kya, Pakistan main b koi property nahin" And we want these people as our leaders....