کیا آپ کو فیس بک میسنجر استعمال کرنا پسند ہے؟ تو اب اس میں ویڈیو اشتہارات دیکھنے کے لیے تیار ہوجائیں۔

جی ہاں ایسا لگتا ہے کہ فیس بک مسلسل ایسے راستے ڈھونڈ رہی ہے جس سے میسنجر استعمال کرنے والے صارفین کو پریشان کیا جاسکے۔

یہی وجہ ہے کہ کمپنی نے اب ویڈیو اشتہارات صارفین کے میسنجر ان باکسز میں دکھانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ آٹو پلے ویڈیو اشتہارات آئندہ چند دنوں میں ہر ایک کے سامنے ہوں گے۔

میسنجر میں اشتہارات ویسے اب نئے تو نہیں، کیونکہ گزشتہ سال جولائی میں انہیں متعارف کرایا گیا تھا، مگر وہ ایک جگہ محدود ہوتے تھے۔

مزید پڑھیں : فیس بک میسنجر بھی اشتہارات سے بھرنے کیلئے تیار

ری کوڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک سال تک اشتہارات کی آزمائش (جو کہ میسنجر ان باکس میں کافی نیچے نظر آتے تھے)، اب کمپنی نے خودکار پلے ہونے والی ویڈیوز کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیس بک میسنجر کے عہدیداران کو یقین ہے کہ صارفین اسمارٹ فون بیٹری چوسنے والے ان ویڈیو اشتہارات پر برا نہیں منائیں گے بلکہ خوش ہوں گے۔

فیس بک میسنجر کے ترجمان نے اس حوالے سے تصدیق کی کہ ہم میسنجر میں ویڈیو اشتہارات کو متعارف کرارہے ہیں اور یہ عمل بتدریج ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک میسنجر کو رواں سال زیادہ بہتر بنانے کا عزم

ترجمان کے مطابق میسنجر صارفین ہماری اولین ترجیح ہے اور وہ اس کے استعمال کے حوالے سے اپنا کنٹرول برقرار رکھ سکیں گے۔

فیس بک میسنجر اور واٹس ایپ دونوں ہی فیس بک کی ملکیت ہیں اور یہ دنیا بھر میں ماہانہ صارفین کے حوالے سے بڑی ایپس میں سے ایک ہیں، جن کے ذریعے پیسہ کمانے کے مختلف طریقوں پر کمپنی کی جانب سے کام کیا جارہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں