—فوٹو: مومنہ مستحسن انسٹاگرام
—فوٹو: مومنہ مستحسن انسٹاگرام

حال ہی میں بھارتی گلوکار ارجن کننگو کے ساتھ ’آیا نہ تو‘ گانے میں جلوہ گر ہونے والی پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ لوگ انہیں ایک گلوکارہ کے بجائے خوبصورت لڑکی کے طور جانتے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ مومنہ مستحسن نے اپنے متعلق لوگوں کے خیال اور رویوں کے بارے میں کھل کر بات کی ہے، اس سے قبل انہوں نے اپریل 2018 میں خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق بھی کھل کر بات کی تھی۔

اپریل میں مومنہ مستحسن نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں وہ بھی ہراساں ہوچکی ہیں۔

تاہم اب انہوں نے اپنے متعلق عام لوگوں کے خیال کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آج بھی ایک گلوکارہ کے بجائے خوبصورت لڑکی کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

—فوٹو: مومنہ مستحسن انسٹاگرام
—فوٹو: مومنہ مستحسن انسٹاگرام

بھارتی نشریاتی ادارے ’ہندوستان ٹائمز‘ سے خصوصی بات کرتے ہوئے مومنہ مستحسن نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ انہیں ایک خوبصورت لڑکی کے بجائے ایک خوبصورت آواز کی مالک گلوکارہ کے طور پر پہچانیں۔

یہ بھی پڑھیں: میں بھی ہراساں ہو چکی ہوں، مومنہ مستحسن

’آفریں آفریں‘ فیم کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہی یہی ہے کہ وہ بطور موسیقار اور گلوکار پہچانی جائیں، تاہم ان کی خواہش کے برعکس لوگ ان کی آواز کے بجائے ان کی خوبصورتی پر بات کرتے نظر آتے ہیں۔

مومنہ مستحن کے مطابق آج بھی وہ جہاں جاتی ہیں تو لوگ انہیں دیکھ کر یہ نہیں بولتے کہ وہ دیکھو گلوکارہ جا رہی ہیں، بلکہ لوگ یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ ’ ارے، دیکھو! کتنی پیاری لڑکی ہے‘۔

انہوں نے بھارتی نشریاتی ادارے کو اپنے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ وہ تب تک میوزک ایلبم ریلیز نہیں کریں گی، جب تک ان سے متعلق لوگوں کی سوچ نہیں بدل جاتی۔

—فوٹو: آئی ایم بی ڈی
—فوٹو: آئی ایم بی ڈی

ساتھ ہی گلوکارہ کے مطابق انہوں نے حال ہی میں بھارتی گلوکار کے ساتھ ’آیا نہ تو‘ گانا ایک ایسے وقت میں گایا، جب انہیں محسوس ہوا کہ وہ کچھ مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

گلوکارہ نے ارجن کننگو کے ساتھ ریلیز کیے گئے نئے گانے سے متعلق بتایا کہ انہیں یہ گانا گانے کی پیش کش ایسے وقت میں ہوئی، جب ان کا نام رواں برس امریکی جریدے ’فوربز‘ نے 30 انڈر 30 میں شامل کیا۔

واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں فوربز کی جانب سے جاری کردہ ایشیا کی 30 انڈر 30 فہرست میں مومنہ مستحسن سمیت 9 پاکستانیوں کو شامل کیا گیا تھا۔

—فوٹو: مومنہ مستحسن انسٹاگرام
—فوٹو: مومنہ مستحسن انسٹاگرام

مزید پڑھیں: مومنہ مستحسن دنیا کی 100 متاثرکن خواتین میں شامل

اس فہرست میں مومنہ مستحسن کو 30 سال کی عمر سے کم ایشیا کے 30 بااثر گلوکاروں میں شامل کیا تھا۔

مومنہ مستحسن کا بھارتی گلوکار ارجن کننگو کے ساتھ 3 دن قبل یعنی 20 جون کو ریلیز کیا گیا گانا، اگرچہ دھوم مچانے میں ناکام ہوگیا، تاہم اس گانے میں گلوکارہ کی ماڈلنگ کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

گانے میں مومنہ مستحسن نے نہ صرف اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، بلکہ انہوں نے اس میں ماڈلنگ کے جوہر بھی دکھائے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں