اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستانی عازمینِ حج کے لیے بایو میٹرک تصدیق لازمی قراردے دی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج بایو میٹرک تصدیق کے بغیر سعودی عرب روانہ نہیں ہوسکیں گے، 6 سال سے کم عمر بچےاور80 سال سے زائد بزرگ بایو میٹرک سے مستثنیٰ ہوں گے۔

ترجمان نے کہا کہ عازمینِ حج کی بایو میٹرک تصدیق سعودی حکومت کی نامزد کمپنی "اعتماد" کرے گی جبکہ تمام عازمینِ حج کو بایو میٹرک سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج اسکیم کے تحت 50 فیصد کوٹے کی قرعہ اندازی

وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کے مرحلہ واربایو میٹرک کا شیڈول ترتیب دے دیا ہے، شیڈول کی معلومات موبائل میسج، ویب سائٹ اورحج ہیلپ لائن کےذریعے مل سکیں گی۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے عازمین حج کو موبائل میسج ارسال کیے جارہے ہیں جس میں انہیں اپنے شیڈول کے مطابق بایو میٹرک تصدیق کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ عازمینِ حج اپنےاصل شناختی کارڈ، بینک رسید اورپاسپورٹ کی فوٹوکاپی ہمراہ رکھیں،اور صرف اپنےشیڈول کے مطابق اعتماد کے دفتر پہنچیں۔

واضح رہے کہ رواں سال ذوالحج کے مہینے میں پاکستان سے 1 لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج ادا کریں گے۔

حکومت کی جانب سے حج کے لیے شمالی علاقہ جات بشمول پنجاب اور خیبر پختونخوا کا پیکج 2 لاکھ 80 ہزار روپے رکھا گیا ہے۔

پاکستان کے جنوبی علاقہ جات بشمول کراچی، کوئٹہ اور سکھر کا پیکج 2 لاکھ 70 ہزار مقرر کیا گیا ہے۔

فریضہ حج کے ساتھ ساتھ قربانی کرنے کے خواہش مند افراد کو 13 ہزار 50 روپے حج پیکج کے علاوہ جمع کروانا ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں