فیس بک کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے واٹس ایپ سے پہلے ہی گروپ ویڈیو چیٹ کا فیچر متعارف کرادیا ہے، جو کہ اسے براہ راست اسکائپ، اسنیپ چیٹ اور دیگر اپلیکشنز کے مقابلے میں لے آیا ہے۔

اور سب سے خاص بات یہ ہے کہ گروپ چیٹ کے دوران بھی انسٹاگرام میں براﺅزنگ جاری رکھی جاسکتی ہے، جس کی وجہ ایپ میں پکچر ان پکچر موڈ موجودگی ہے۔

انسٹاگرام کی جانب سے منگل کو گروپ ویڈیو چیٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا، جس میں بیک وقت 4 افراد ایک دوسرے سے بات کرسکیں گے۔

اس فیچر کا اعلان رواں سال مئی میں فیس بک کی سالانہ ایف 8 کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا اور اب اسے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں : واٹس ایپ اور انسٹاگرام میں گروپ ویڈیو کالنگ جلد متعارف ہوگی

انسٹاگرام ڈائریکٹ کے ذریعے صارف اپنے دوستوں سے ویڈیو کال کے ذریعے بات کرسکے گا۔

فیڈ، اسٹوریز، میسجنگ، لائیو ویڈیو، آئی جی ٹی وی اور اب ویڈیو کالنگ کے ذریعے انسٹاگرام کو توقع ہے کہ اس کے ایک ارب صارفین کو اب کسی اور ایپ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : انسٹاگرام نے بھی ایک ارب صارفین کا سنگ میل طے کرلیا

خیال رہے کہ انسٹاگرام نے گزشتہ دنوں ایک ارب ماہانہ صارفین کے سنگ میل کے حصول کا اعلان کیا تھا۔

انسٹاگرام کی جانب سے مسلسل نئے فیچرز کو پیش کیا جارہا ہے، خصوصاً ایکسپلور پیج پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، جہاں صارف مختلف النوع مواد کو دیکھ سکتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ایکسپلور سیکشن کو اب نیا کیا جارہا ہے تاکہ صارفین کے لیے براؤز کرنا آسان ہو۔

اسی طرح انسٹاگرام کی جانب سے اسٹوریز کے لیے نئے کیمرہ ایفیکٹس بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں