صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد میں ایک شخص نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی بھتیجی اور نوجوان پڑوسی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ جیکب آباد میں تھانہ محمد پور کی حدود میں قائم گاؤں کھیرو جاکھرانی میں پیش آیا۔

واقعے کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نادر جاکھرانی نے اپنی 21 سالہ بھتیجی حورزادی اور پڑوسی 20 سالہ عبدالخالق لولائی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

مزید پڑھیں: سندھ: غیرت کے نام پر دو بیویوں کا قتل

حور زادی کی لاش کو ہسپتال سے منتقل کیا جارہا ہے — فوٹو: اظہر گل سرکی
حور زادی کی لاش کو ہسپتال سے منتقل کیا جارہا ہے — فوٹو: اظہر گل سرکی

واقعے کے بعد ملزم نادر جاکھرانی جائے وقوع سے فرار ہوگیا جبکہ مقتولین کی لاشیں ان کے اہل خانہ نے جیکب آباد سول ہسپتال منتقل کیں۔

پولیس کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کے لیے ورثہ کے حوالے کردیا گیا جبکہ تاحال کسی نے بھی پولیس سے مقدمے کے اندراج کے لیے رابطہ نہیں کیا۔

پولیس کے مطابق اگر مقتولین کے ورثہ نے مقدمے کے اندراج کے لیے رابطہ نہیں کیا تو واقعہ پیش آنے کے ایک روز بعد پولیس سرکار کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ہر سال سیکٹروں خواتین کو غیرت کے نام یا کارو کاری کا الزام لگا کر قتل کردیا جاتا ہے اور یہ انتہائی قدم اکثر ان کے قریبی عزیزوں کی جانب سے اٹھایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام پر بیٹوں کے ہاتھوں 50 سالہ ماں کا قتل

بیشتر خواتین کو محبت، غیر قانونی تعلقات اور مرضی کی شادی کرنے کے الزامات لگا کر قتل کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ خواتین کو 'غیرت کے نام پر قتل' کرنے والے بیشتر افراد کو ان کے اہل خانہ ہی کی جانب سے معاف کیے جانے پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں