قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹی20 کرکٹ میں کوئی ٹیم بھی فیورٹ نہیں ہوتی، ہم زمبابوے اور آسٹریلیا کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے سہ ملکی سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان، زمبابوے اور آسٹریلیا پر مشتمل سہ ملکی ٹی20 سیریز کا پہلا میچ کل (اتوار کو) پاکستان اور میزبان زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔

میچ سے ایک دن قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ بیرون ملک کھیلنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، جب یہاں آئے تھے تو ہمیں اندازہ تھا کہ کنڈیشنز آسان نہیں ہوں گی اور سیریز کے دوران خصوصاً ٹاس بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹی20 ٹیم گزشتہ 2سال سے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ہمارے پاس بہت اچھے نوجوان کھلاڑی ہیں اور ٹیم کا کامبی نیشن بہت اچھا بنا ہوا ہے۔ ہم بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں عمدہ کھیل پیش کر رہے ہیں جس کی بدولت ٹیم درست سمت میں گامزن ہے۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ کے حوالے سے سوال پر سرفراز نے کہا کہ سیریز کا ہر میچ اہم ہے لیکن پہلا میچ زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے، ہم پوری کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور امید ہے کہ ہم میچ جیتنے میں کامیاب رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 میں کسی بھی ٹیم کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کر سکتے، زمبابوے کی ٹیم جیسی بھی ہے لیکن اس میں چند نوجوان اور اچھے کھلاڑی موجود ہیں لہٰذا ہم انہیں ہرگز آسان نہیں لیں گے اور اپنی بہترین ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

وکٹوں اور کنڈیشنز کے حوالے سے سوال پر قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں اس سے قبل دو بار 2013 اور 2015 میں زمبابوے کا دورہ کرچکاہوں اوردونوں مرتبہ وکٹیں بہت مختلف تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں وکٹوں پر گھاس موجود تھی اور اس وقت ہمیں ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ون ڈے میچ میں بھی شکست ہوئی تھی جبکہ 2015 میں بالکل مختلف طرز کی وکٹیں تھیں جب وکٹ سلو ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں نمی بھی موجود تھی۔

پاکستان کی ٹیم اس وقت ٹی20 کی عالمی درجہ بندی میں 131 پوائنٹس کے ساتھ ساتھ سرفہرست ہے اور دوسرے نمبر پر موجود بھارتی ٹیم کے 123 پوائنٹس ہیں جبکہ آسٹریلیا 122 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود تھے۔

سیریز کے دوران آسٹریلیا خصوصاً رینکنگ میں 12ویں نمبر پر موجود زمبابوے سے میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان کو اپنے متعدد پوائنٹس اور عالمی نمبر ایک رینکنگ سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے تاہم سرفراز احمد نے کہا کہ عالمی رینکنگ ان کی ٹیم کا ہدف نہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ رینکنگ یقیناً بہت اہم ہے لیکن ہم اس بارے میں نہیں سوچ رہے۔ جب مجھے کپتان بنایا گیا تو ہماری ٹیم ساتویں نمبر پر تھی لیکن ہم نے اس وقت یہ نہیں سوچا تھا کہ ہم عالمی نمبر ایک بنیں گے البتہ ہم نے یہ ضرور سوچا تھا کہ ہم بہتر سے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ یہاں ہماری واحد ترجیح اچھی اور مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے سہ ملکی سیریز جیتنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے حیران کن بات یہ ہے کہ ٹی20 میچ بہت جلد شروع ہو رہا ہے لیکن اس بات کا فیصلہ کرنا ہمارا کام نہیں کہ میچ کس وقت شروع کرنا چاہیے۔ یہاں کی کنڈیشنز اور موسم اچھا ہے اور امید ہے کہ لوگوں کو اچھی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں