کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر اقتدار میں آئے تو 5سال میں 50لاکھ لوگوں کو گھر دیئے جائیں گے۔

کراچی کے دو روزہ دورے پر دوسرے دن انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کا چیلنج کوئی آسان نہیں لیکن موجودہ حالات سے نکلنے کے لیے خود کو تبدیل کرنا ہوگا، ملک میں معاشی انقلاب لانے کے لیے ہاؤسنگ ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'عمران خان اور نواز شریف کے کیس کا موازنہ کرنا ناممکن'

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سےپہلے خیبرپختونخوا میں 200 ارب روپےکے درخت کاٹے گئے اور جب ہم نے ایک ارب درخت لگانے کا اعلان کیا تو مخالفین نے منصوبے کا مذاق اڑایا لیکن مسلسل کوششوں کے باعث منصوبے میں کامیاب ہوئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آنے والی حکومت پر مسائل کا پہاڑ ہوگا اور نوجوانوں کو روزگار نہ ملا تو تباہی کا سبب بن سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اکثریت حاصل ہے اور اسی بنیاد پر وفاق میں حکومت قائم کریں گے لیکن کراچی کے بغیر نئے پاکستان کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

کراچی میں تاجربرداری کی جانب سے ناشتے کی دعوت میں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ کراچی کو پانی، انتظامی اور پولسنگ کے بحران سے نکلنے کے لیے خصوصی پروگرام تشکیل دیں گے، کراچی میٹروپولیٹن سٹی ہے جس میں لندن، پریس اور نیویارک کی طرح انتظام و انصرام چلانے چاہیے، جسے پی ٹی آئی حقیقت کا روپ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی، بجلی، پولیس اور انتظامی امور کو ٹھیک کرنے کی اشد ضرورت ہے بصورت دیگر ممالک میں ترقی کی رفتار محدود ہو جائے گی کیونکہ کراچی ایک اقتصادی شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد اور بنوں سے عمران خان کو انتخابات لڑنے کی اجازت

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ‘پنجاب میں پولیس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پنجاب میں ان کے خلاف 32 ایف آئی آر درج ہیں‘۔

عمران خان نے واضح کیا کہ ‘مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بلترتیب 6، 6 مرتبہ برسراقتدار آئیں لیکن اپنے صوبوں کی پولیس کو غیر سیاسی بنانے میں ناکام رہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں ہماری پہلی حکومت میں ہی پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کسی بھی آزاد ادارے سے سروے کرالیا جائے خیبرپختونخوا کی پولیس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور ہم نے پولیس کو کسی سیاسی مخالف یا ماورائے عدالت قتل میں استعمال نہیں کیا‘۔

اس حوالےسے پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا ‘جو سیاسی تنظیمیں ملک کو برباد کردیں وہ اداروں میں بھرتی نہیں لا سکتے، آج پنجاب اور سندھ پولیس پر ہزاروں ماورائے عدالت کیسز کا سامنا ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں