Dawnnews Television Logo

پورشے کی کائین: کم ایندھن میں شاندار ڈرائیو

دیکھنے میں بڑی، بھاری اور چلانے میں شاندار، الیکٹرک موڈ میں صفر سے 100 کلو میٹر کی رفتار صرف 5 سیکنڈ میں حاصل کرلیتی ہے
شائع 01 اگست 2018 08:23pm

گاڑیوں کے ٹیسٹر رونی لیوسٹیک کہتے ہیں کہ آج کل گاڑیوں کی انڈسٹری میں برقی گاڑیاں بڑھانے کا رجحان ہے اور پورشے سمیت تمام کار ساز ادارے برقی گاڑیوں کے حوالے سے تجربات میں مصروف ہیں۔

اگر آپ پورشے کی نئی گاڑی کائین کو دیکھیں تو پہلا تاثر یہ ہوتا ہے کہ چونکہ یہ ایک بڑی، بھاری گاڑی ہے اس لیے زیادہ ایندھن استعمال کرتی ہوگی، مگر پورشے کائین ای ہائیبرڈ گاڑی کے ذریعے اس مفروضے کو غلط ثابت کرنا چاہتا ہے۔

ترجمہ: ایاز لغاری — آواز : وقار محمد خان

رونی لیوسٹیک کا مزید کہنا ہے کہ یہ گاڑی چلانے میں شاندار ہے اور ایندھن کم استعمال کرتی ہے۔ پورشے کے مطابق یہ گاڑی 100 کلومیٹر میں صرف 3.2 لیٹر ایندھن ہی استعمال کرتی ہے۔

رونی بتاتے ہیں کہ 340 کلوواٹ کی طاقت اور 700 نیوٹن میٹر ٹارک آپ کو آپ کی ہر من پسند جگہ پر کم سے کم وقت میں لے جائے گا۔ الیکٹرک موڈ میں گاڑی صفر سے 100 کلومیٹر کی رفتار صرف 5 سیکنڈ میں حاصل کر لیتی ہے، وہ بھی بغیر آواز کے۔ مگر اس سب کی ایک قیمت ہے۔ یہ پلگ اِن ایس یو وی گاڑی جرمنی میں 90 ہزار یوروز میں دستیاب ہے۔

ای ہائبرڈ عمومی کائین جیسی ہی لگتی ہے مگر اس میں کچھ چیزیں مختلف ہیں۔ مثال کے طور پر دونوں گاڑیوں کی لمبائی 4.92 میٹر ہے مگر اندر موجود ٹیکنالوجی ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ پلگ اِن ہائبرڈ کی اصطلاح ہی کچھ لوگوں کو ڈرا دیتی ہے، مگر بیٹری کے بارے میں کیا کہیں گے؟ کیا یہ ڈگی میں زیادہ جگہ گھیرتی ہے؟

کائین ہائبرڈ کے پاس ایک شاندار حل ہے۔ بیٹری کو ڈگی کے نیچے اندر کی جانب رکھا گیا ہے، چنانچہ 645 لیٹر کی گنجائش کے ساتھ یہ ڈگی اپنے سابقہ ماڈل کی ڈگی سے زیادہ کشادہ ہے۔

اندرونی حصہ تقریباً مکمل طور پر پیٹرول سے چلنے والی کائین جیسا ہی ہے۔ اس گاڑی میں 6 ڈرائیونگ موڈ ہیں اور اس کا سوئچ اسٹیئرنگ وہیل کے ساتھ ہی منسلک ہے۔ مکمل طور پر برقی موڈ میں یہ گاڑی 135 کلو میٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار کے ساتھ 44 کلو میٹر تک چل سکتی ہے۔ 136 ہارس پاور کی برقی موٹر تقریباً خاموش ہے۔

ڈرائیو موڈ اور ایکسلریشن کی سطح سے یہ فیصلہ ہوتا ہے کہ V6 ٹربو گیس انجن کب اپنا کام دکھائے گا۔

پورشے کے دیگر ای پرفارمنس ماڈلز کی طرح کائین ای ہائبرڈ میں بھی بوسٹ کے لیے وہی حکمتِ عملی ہے جو کہ 918 اسپائیڈر اور ای پینامینرا میں ہے، اور یہ کسی بھی ڈرائیونگ موڈ میں استعمال کی جا سکتی ہے۔

رونی کہتے ہیں کہ کائین ای ہائبرڈ ایسی ایس یو وی ہے جس میں الیکٹرک ڈرائیو پرفارمنس ہے۔ یہ روز مرہ کے حالات میں اچھی کارکردگی دکھاتی ہے۔

اس کی ڈگی نہایت کشادہ ہے، یہ گاڑی 3500 کلو تک کا وزن کھینچ سکتی ہے، اور اس کا پیٹرول جیب پر بھاری نہیں پڑتا۔

اس کے علاوہ اس کی کارکردگی ایسی ہے جس کی آپ کو پورشے سے توقع ہے۔ مگر ہر ہائبرڈ کی طرح اگر آپ مکمل چارج شدہ بیٹری کے بغیر روانہ ہوں گے، تو آپ کی ایندھن کی کھپت اتنی اچھی نہیں ہوگی۔

رونی کے بقول اگر آپ ریسنگ ڈرائیور قسم کے ہیں، تو پھر آپ کی گاڑی کا کاربن اخراج بھی کم نہیں ہوگا۔


یہ تحریر ڈوئچے ویلے (ڈی ڈبلیو) کے اشتراک سے تحریر کی گئی۔

ترجمہ: ایاز احمد لغاری —ایڈیٹر : وقار محمد خان