یہ رجنی کانت کے ماسک کے پیچھے کون ہے؟

06 جولائ 2018
’فنے خان‘ کو رواں برس 3 اگست کو ریلیز کیا جائے گا —۔
’فنے خان‘ کو رواں برس 3 اگست کو ریلیز کیا جائے گا —۔

بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے، انیل کپور اور راج کمار راؤ کی فلم ’فنے خان‘ کا نیا پوسٹر ریلیز کردیا گیا، جس نے فلم کی ریلیز کا انتظار مزید بڑھا دیا ہے۔

اس پوسٹر کو انیل کپور نے اپنے ٹوئٹر پر شیئر کیا جس میں ایشوریا رائے بہت پریشان صورتحال میں نظر آئیں، جن کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ انہیں دو لوگوں نے اغواء کرلیا ہے۔

انیل کپور نے اپنی ٹویٹ میں لیکھا کہ ’پیار، جنگ اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے میں سب کچھ جائز ہے، یہ لوگ کتنا آگے جائیں گے؟ اس کے بارے میں جلد جانیں‘۔

پوسٹر میں ایشوریا رائے کے پیچھے نامور ہندوستانی اداکار رجنی کانت بھی موجود ہیں، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ رجنی کانت اس فلم کا حصہ نہیں، البتہ ایشوریا کو اغواء کرنے والے شخص نے رجنی کانت کا ماسک پہنا ہوا ہے، لیکن اس ماسک کے پیچھے ہے کون؟

مزید پڑھیں: بولی وڈ کا نیا خان ’فنے خان‘

اگر آپ کو اندازہ نہیں ہوا تو ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ اس ماسک کے پیچھے کوئی اور نہیں نلکہ انیل کپور ہی ہیں، جنہوں نے ایک نئے پوسٹر کے ذریعے اس الجھن کو سلجھا دیا۔

ان کے ساتھ راج کمار راؤ بھی موجود ہیں جو اپنے چہرے کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ بولی وڈ کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’فنے خان‘ کا پہلا ٹیزر ٹریلر جاری کیا گیا تھا۔

پروڈیوسر راکیش اوم پرکاش مہرا اور انیل کپور کی اس فلم کی ہدایات اتل منجریکر نے دی ہیں۔

فلم میں ایشوریا رائے اور انیل کپور 18 سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے، تاہم اطلاعات ہیں کہ اس بار وہ ایک دوسرے کے ساتھ رومانس کرتے دکھائی نہیں دیں گے۔

ایشوریا رائے اور انیل کپور کی ایک ساتھ آخری فلم ’ہمارا دل آپ کے پاس ہے‘ 2000 میں ریلیز ہوئی تھی، اس سے قبل وہ 1999 میں دونوں نے ’تال‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا، جس میں دونوں کی جوڑی کو سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: انیل کپور اور ایشوریا رائے 17 سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے

’دل یہ بے چین وے‘ اور ’آپ کا دل ہمارے پاس ہے‘ جیسے مقبول گانوں کے ذریعے کئی عرصے تک شائقین کے دلوں پر راج کرنے والی جوڑی ایک بار پھر 18 برس بعد میوزیکل رومانٹک کامیڈی فلم میں جلوہ بکھیرتے نظر آئے گی۔

فلم کے ٹیزر ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ انیل کپور، ایشوریا رائے اور راج کمار راؤ تینوں ہی آرٹ، رقص و موسیقی کے دلدادہ ہیں، جو اپنی اپنی دنیا میں مگن رہتے ہیں۔

’فنے خان‘ کو رواں برس 3 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ فلم بیلجیم کی 18 سال قبل یعنی 2000 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’ایوری باڈیز فیمس‘ کا آفیشل ریمیک ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں