کوئٹہ: محکمہ داخلہ بلوچستان نے گڈانی، ڈام اور کنڈ ملیر کے ساحلوں پر داخلے اور نہانے پر پابندی عائد کردی۔

محکمہ داخلہ بلوچستان نے مذکورہ پابندی، دفعہ 144 کے تحت عائد کی اور ساتھ ہی اعلان کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ان دنوں سمندر میں بلند اور خطرناک لہریں اٹھ رہی ہیں جو وہاں پکنک منانے اور ماہی گیری کرنے والے افراد کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: گڈانی: پکنک پوائنٹ پر نہاتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد ڈوب گئے

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ملک کے مختلف حصوں اور خصوصاََ کراچی سے گڈانی، ڈام اور کنڈ ملیر کے ساحلوں پر تفریح کے لیے آنے والے افراد کے سمندر میں داخلے، نہانے اور تیرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

واضح رہے چند روز قبل گڈانی کے ساحل پر ایک ہی خاندان کے 7 افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں بیشتر خواتین اور بچے شامل تھے۔

یاد رہے کہ ہفتہ وار تعطیلات (ہفتہ اور اتوار کے روز) میں کراچی سے سینکڑوں لوگ بلوچستان کے ساحل گڈانی، ڈام اور کنڈ ملیر پکنک منانے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے ساحل پر 4 افراد ڈوب گئے

خیال رہے کہ کراچی کے ساحل سمندر پر شہریوں کے نہانے پر پہلے ہی پابندی عائد ہے لیکن پولیس فورس کی کمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر اس پابندی پر عمل درآمد نہیں ہورہا جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد گرمی اور اسکول تعطیلات کے باعث پکنک منانے کے لیے ساحل سمندر کا رخ کرتی ہے۔

عوام کی جانب سے پابندی کو نظر انداز کرکے ساحل سمندر پر اعلانیہ خطرے کے باوجود نہانے کا عمل بھی جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں