پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ’میں اقتدار اپنے لیے نہیں چاہتا میں اقتدار خدا کی قسم عوام کے لیے چاہتا ہوں، کسانوں کی فلاح کے لیے چاہتا ہوں، ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنےکے لیے چاہتا ہوں، بھوک مٹانے کے لیےچاہتا ہوں‘۔

مظفر گڑھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہے اور ہم نے سندھ میں غربت کے خاتمے کا منصوبہ دیا جس کے تحت آسان بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بینظیر کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو رلیف دے گی اور بھوک مٹاؤ منشور کے تحت فوڈ کارڈز جاری کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: لیاری کے دورے پر بلاول بھٹو کی گاڑی پر پتھراؤ، مقدمہ درج

ان کا کہنا تھا کہ ’میں استحصال سے پاک معاشرہ چاہتا ہوں، جہاں قانون کی حکمرانی ہو، عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے‘۔

جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور وہ منشور ہے جس کے تحت جنوبی پنجاب صوبہ بنا کر رہیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق اور معاشی انصاف جب تک یہ چیزیں پوری نہیں کروں گا تب تک خاموش نہیں بیٹھوں گا اور ہر جنگ لڑ کر محترمہ کا مشن پورا کرنا چاہتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی زندگی کے پہلے منشور کا اعلان کردیا

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ فیصلہ کریں کہ آپ کو میٹرو چاہیے یا معیاری تعلیم، معیاری صحت، زراعت یا بنیادی سہولتیں چاہییں۔

بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ ’میں زندگی کے پہلے الیکشن کےلیے نکلا ہوں اور مجھے آپ سے امید ہے کہ آپ میرا ساتھ دیں گے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں