ترکی کے شمال مغربی صوبے تیکرداگ میں ریل کے حادثے میں 10 مسافر جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کے انڈر سیکریٹری ایوپ غوموس کا کہنا تھا کہ حادثے کے حوالے سے موصول ہونے والی ابتدائی رپورٹس میں 10 افراد جاں بحق اور 73 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ حادثہ صوبہ تیکرداگ میں بارش کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق ریل ایدرین سے استبول کی طرف جارہی تھی اور عملے کے 6 افراد سمیت 362 مسافر موجود تھے۔

حادثے میں بچ جانے والی ایک خاتون مسافر کا کہنا تھا کہ وہ اتر جانے والی ایک بوگی میں سوار تھیں اور یہ حادثہ خوف ناک تھا جہاں کئی افراد جاں بحق ہوئے اور چند افراد کی ٹانگیں کٹ گئیں۔

تیکرداغ صوبے کے گورنر مہمت سیہان کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں حادثہ پیش آیا ہے وہاں پر بارش کے بعد راستے خراب ہوئے ہیں اور فوری طور پر پہنچا کافی مشکل تھا۔

جائے حادثہ پر ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں کے علاوہ، فوج اور ہیلی کاپٹر ایمبولیس بھی پہنچ گئیں اور امدادی کام شروع کیا گیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو امدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔

ترکی میں اردوان کی انتظامیہ نے ریلوں سمیت ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع میں حادثات سے بچنے کے لیے اور فوری امدادی کاموں کے حوالے سے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں جس کے باعث گزشتہ چند برسوں میں ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ترکی میں جنوری 2008 میں ریل کا حادثہ پیش آیا تھا جہاں 9 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

صوبہ سکاریا میں جولائی 2004 میں ریل پٹڑی سے اترگئی تھی جس کو ترکی میں پیش آنے والے خوف ناک ترین حادثات میں سے ایک مانا جاتا ہے جس میں 41 افراد جاں بحق اور 80 مسافر زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں