نامور پاکستانی ماڈل، اداکارہ اور بزنس وومن نادیہ حسین کو لوگوں نے ہمیشہ ریمپ پر نہایت شاندار انداز میں ہی دیکھا ہے، تاہم انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بغیر میک اپ ایک تصویر شیئر کرکے خواتین کو ایک مضبوط پیغام دیا۔

اداکارہ و ماڈل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی سیلفی شیئر کی، جس میں انہوں نے بالکل میک اپ نہیں کیا تھا، نادیہ نے اس پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے امریکی ماڈل سنڈی کروفورڈ کے چیلنج WOKEUPTHISWAY# (اس طرح سو کر اٹھانا) کو اپناتے ہوئے اپنی بغیر میک اپ سیلفی شیئر کی جبکہ نادیہ نے ساتھی اداکارہ ماہرہ خان، سجل علی، عائشہ عمر اور ماورا حسین کو بھی چیلنج کیا کہ وہ اپنی بغیر میک اپ کے لی گئیں سیلفیز شیئر کریں۔

نادیہ نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ اس طرح وہ اپنے مداحوں کو ظاہری خوبصورتی کے بجائے اصل خوبصورتی پر فوکس کرنے کا حوصلہ دے رہی ہیں۔

نادیہ نے لکھا کہ ’سوشل میڈیا بہت طاقتور ذریعہ ہے، اس کی مدد سے آپ دنیا کے سامنے خود کو پیش کرسکتے ہیں، اور ظاہر ہے ہم سب ہی پرفیکٹ نظر آنا چاہتے ہیں، کون اپنی تصویر کو بہتر نہیں بناتا؟ لیکن ہم ایسا کیوں سوچتے ہیں کہ اگر اپنی اصل شخصیت سب کے سامنے لائے تو اسے پسند نہیں کیا جائے گا؟ یہ وقت ہے سمجھنے کا، آپ کا اصل ہی کمال ہے‘۔

نادیہ کی ساتھی اداکاراؤں نے تو اب تک ان کے دیے چیلنج پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا، البتہ ان کے اکاؤنٹ پر موجود فالوورز نے ماڈل کو ان کی اس تصویر پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

جبکہ بہت سے صارفین نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد بہت زیادہ تبدیل ہوچکی ہیں۔

بعدازاں نادیہ حسین نے اپنے اوپر ہونے والے بہت سے منفی کمنٹس کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

جس پر انہوں نے کہا کہ ’افسوس کی بات ہے، لیکن واقعی خواتین ہی دوسری خواتین کو نیچا دکھاتی ہیں‘۔

امید ہے نادیہ حسین کے اس اقدام سے اور بھی خواتین آگے بڑھ کر ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں