ریاض: سعودی عرب میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار اور بنگلہ دیشی شہری جاں بحق جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 حملہ آور بھی ہلاک ہوگئے۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے صوبہ قاسم کے علاقے بریدہ ٹاؤن میں کار سوار ملزمان کی جانب سے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: یمن سے سعودی عرب پر میزائل حملہ،3 شہری ہلاک

اس حوالے سے ریاست کی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ اتوار کی شام کو سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں ایک سیکیورٹی افسر، ایک بنگلہ دیشی رہائشی اور 2 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گاڑی میں سوار 3 دہشت گردوں نے بریدہ ترفیہ سڑک پر چیک پوائنٹ کو نشانہ بنایا، تاہم فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، جسے بعد میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سعودی وزات داخلہ کے مطابق جاں بحق سیکیورٹی اہلکار کی شناخت سلیمان عبدالعزیز عبدالطیف کے نام سے ہوئی جبکہ بنگلہ دیشی شہری کے نام کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔

دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب سمیت 6 ممالک نے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کردیئے

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ ماہ میں سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

20 اپریل کو جنوب مغربی صوبے کی چیک پوسٹ پر حملے میں 4 سعودی پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے۔

سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز پر کیے جانے والے حملوں میں القاعدہ اور داعش جیسے عسکریت پسند گروپ شامل رہے ہیں جبکہ مشرقی صوبوں میں سیکیورٹی فورسز اور دیگر گروپوں کے درمیان بھی جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں