بھارت: پولیس افسر کے بھائی نے ’حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار‘ کرلی

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2018
سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ڈاکٹر شمس الحق کی تصویر — فوٹو: بشکریہ ٹائمز آف انڈیا
سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ڈاکٹر شمس الحق کی تصویر — فوٹو: بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

سری نگر: انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسر کے لاپتہ نوجوان بھائی کے حوالے سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ انہوں نے کشمیری حریت پسند تنظیم حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی پی ایس افسر کے نوجوان بھائی رواں سال 22 مئی کو کشمیر یونیورسٹی سے لاپتہ ہوگئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حزب المجاہدین کی جانب سے جاری فوٹو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ’انہوں نے ایک رائفل اٹھا رکھی ہے اور پستول سے بھی لیس ہیں‘۔

مزید پڑھیں: مظاہروں اور احتجاج کا خدشہ، حریت رہنما برہان وانی کے آبائی علاقے میں کرفیو نافذ

حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کرنے والے فرد کی شناخت ڈاکٹر شمس الحق مینگنیرو کے نام سے کی گئی ہے، اور ان کی تصاویر سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں پھیلی، مذکورہ تصویر تنظیم کے کمانڈر برہان وانی کی دوسری برسی کے موقع پر جاری کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق شمس الحق کا تعلق کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیاں کے علاقے دراگود سے ہے اور کشمیر یونیورسٹی میں یونانی میڈیکل اینڈ سرجری کی تعلیم سے وابستہ تھے جنہوں نے 25 مئی کو حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمس الحق کے بڑے بھائی انعام الحق کو 2012 میں آئی پی ایس کی جانب سے شمال مشرقی علاقے میں تعینات کیا گیا تھا۔

22 مئی کو شمس الحق کے لاپتہ ہونے سے متعلق ان کے والدین نے پولیس کو رپورٹ بھی درج کروا رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برہان مظفر وانی کون تھا؟

میڈیا رپورٹ کے مطابق حزب المجاہدین کی جاری تصویر میں شمس الحق کے ساتھ تحریر کیا گیا ہے کہ ’انہوں نے 25 مئی کو تنظیم میں شمولیت اختیار کی جبکہ ان کا فرضی نام برہان شانی بتایا گیا‘۔

یاد رہے کہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے معصوم اور نہتے شہریوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں اور ان میں سیکڑوں کشمیریوں کی ہلاکت کے بعد نوجوان کشمیریوں کی بڑی تعداد مسلح جدوجہد کی جانب متوجہ ہورہی ہے اور بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف رواں سال میں اب تک 50 سے زائد نوجوان حریت پسند تنظیموں میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔

گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں مبینہ طور پر شہید کیے جانے والے حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی دوسری برسی کشمیر اور پوری دنیا میں موجود کشمیریوں نے عقیدت سے منائی، انہیں 8 جولائی 2016 کو مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ہندوستان تسلیم کرے گا کہ برہان وانی ’مجاہد‘ تھا، والد

واضح رہے کہ کشمیر 1947 میں برطانوی سامراج سے برصغیر کی آزادی کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم ہے اور دونوں ممالک کشمیر پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کئی علیحدگی پسند گروپ گزشتہ کئی دہائیوں سے 5 لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں سے لڑائی میں مصروف ہیں اور اپنی آزادی یا وادی کو پاکستان کا حصہ بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

حریت پسندوں اور بھارتی فوج کے درمیان اس لڑائی میں اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں